پتور میں درج ہوا بی جے پی لیڈر ارون کمار پوتیلا کے خلاف عصمت دری کا کیس
پتور ،3/ ستمبر (ایس او نیوز) پتور پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون کی شکایت پر بی جے پی کے کٹر ہندوتوا وادی لیڈر ارون کمار پوتیلا کے خلاف عصمت دری سمیت قتل کی دھمکی، دھوکہ دہی جیسے کئی دیگر معاملات میں کیس درج کیا گیا ہے ۔
اننتھا بھٹ نامی شخص کی بیٹی منگلا نے پولیس کے پاس جو شکایت درج کروائی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وہ ارون کمار پوتیلا کی ہندوتوا وادی سوچ سے بہت متاثر تھی اور اس کی فین بن گئی تھی ۔ جون 2023 میں ارون کمار پوتیلا نے اسے بینگلورو آنے کے لئے کہا اور پھر وہاں ایک ہوٹل میں اس کے ساتھ جنسی ہراسانی کی ۔ اس کے بعد اس کے ساتھ قربت کے سیلفی، فوٹوز، ویڈیو ریکارڈنگ دکھا کر بلیک میل کرتے ہوئے جہاں کہیں بھی وہ جاتا تو منگلا اپنے ساتھ بلانا شروع کیا ۔ پوتیلا نے اس کی بیٹی کے لئے زندگی بھر تمام سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اس کا بار بار جنسی اور نفسیاتی استحصال کیا ۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ امسال لوک سبھا انتخابات کے بعد ارون کمار نے منگلا کے ساتھ دوری اختیار کرنا شروع کیا ۔ اور اب اس کے پاس اپنے گھر کا کرایہ بھرنے کے بھی پیسے نہیں رہے ۔
ارون کمار پوتیلا نے اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ سب ایک منصوبے کے تحت کیا گیا ہے ۔ اس میں سیاسی رقابت کا عنصر بھی ہو سکتا ہے ۔ پتور پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔