پتور ڈکیتی معاملے کے 6 ملزمین گرفتار
پتور 29 / ستمبر (ایس او نیوز) پتور کے کوڈکاڈی میں 7 ستمبر کو ڈکیتی کی جو واردات پیش آئی تھی اس معاملے کے 6 ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔
خیال رہے کہ مذکورہ واردات میں لٹیروں نے گھر کے اندر گھسنے کے بعد مکینوں کو رسیوں سے باندھ کر نقدی اور سونے کے زیورات لوٹے تھے ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزمین کے نام سدھیر، پنچمبلا روی، کرن، وسنتا، فیصل اور نثار ہیں ۔ ملزم پنچمبلا روی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ منگلورو تعلقہ پنچایت صدر جبار کے قتل میں ملزم ہے اور اسے عمر قید کی سزا ہوئی ہے ۔ فی الوقت اسے پیرول پر رہا کیا گیا تھا ۔
پولیس نے ملزمین کے پاس سے کار اور سونے کے زیورات ضبط کیے ہیں ۔ پتور دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔