کرناٹک میں مجوزہ مخالف تبدیلی مذہب بل کے خلاف گلبرگہ میں عیسائی تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ؛ بل کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ
گلبرگہ،21؍نومبر(ایس او نیوز) آل کرناٹک یونائیٹیڈ کرسچن فورم (شمال مشرقی زون) نے کرناٹک میں مجوزہ مخالف تبدیلی مذہب بل کی مخالفت میں دفتر ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کے روبرو جمعہ کوا حتجاجی مظاہر ہ کیا اوروزیر اعلیٰ بسوراج بومائی کے نام یادداشت پیش کرتےہوئے اس بل کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
فورم کے صدر ریورینڈ رابرٹ مرانڈا نے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بل کی منظوری سے ریاست کرناٹک مذہبی خوش حالی،رواداری اورآپسی بھائی چارگی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس موقع پر احتجاجیوں نے پسماند طبقات و اقلیتوں کی وزارت کی جانب سے ریاست کرناٹک میں عیسائیوں کے مذہبی مقامات اور ریاست میں کام کرنے والی عیسائی مشنریوں کا سروے کرنے کے فیصلہ کے بھی مخالفت کی۔ رویرینڈ مرانڈا نے آرٹیکل 25 (مذہبی آزادی پیشہ کی آزادی اور مذہب کی تبلیغ سے متعلق قانون، مذہبی سرگرمیوں کا اہتمام کرنے کی دستوری آزادی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ قانون کے سبب شہریان کے حقوق تلف ہوجائیں گے۔
احتجاجی عیسائی کارکنان نے بتایا کہ ان کے مذہب کے لوگوں کی جانب سے ریاست بھر میں کئی تعلیمی ادارے اور صحت سے متعلق ادارے چلائے جارہے ہیں۔ جن کی مدد سے ہزاروں عوام استفاد ہ کررے ہیں۔ ان احتجاجیوں نے اس موقع پر حکومت سے سوال کیا کہ وہ یہ ثابت کرے کے مذکورہ بالا تعلیمی اور صحت سے متعلق ادارے عوام کو ان کا مذہب تبدیل کرنے پر زور دے رہے ہیں۔