بھٹکل : مرڈیشور میں جسم فروشی کا الزام - ہوٹل میں کرائم برانچ نے مارا چھاپہ - پچھلے دروازے سے لڑکیاں فرار -پی ایس آئی کا تبادلہ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 3rd September 2024, 9:36 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 3 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے مشہور سیاحتی مرکز مرڈیشور میں جسم فروشی کا کاروبار چلائے جانے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کاروار پولیس کی کرائم برانچ ٹیم نے بستی مکی علاقے میں نیشنل ہائی وے پر واقع  ایک ہوٹل  پر چھاپہ مارا اور تفتیش کے لئے دو افراد کو اپنی تحویل میں  لے لیا ۔

    ضلع ایس پی ایم نارائین کی رہنمائی اور ڈی وائی ایس پی اشوینی کی قیادت میں ہوٹل پر مارے گئے چھاپے کے دوران حراست میں لیے گئے ملزمین کی شناخت سداپور کے رہنے والے موہن مابلو گوڈا اور سورب شیموگہ کے رہنے والے شیو کمار بنگارپّا نائک کے طور پر کی گئی ہے ۔  اس کے علاوہ مرڈیشور شٹرکیری کے رہنے والے ہوٹل کے مالک ایشور شنیار نائک کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے ۔

    لڑکیاں فرار ہونے میں کامیاب :    معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ مارنے کے لئے پولیس کی ٹیم جیسے ہی ہوٹل کے اندر داخل ہوئی وہاں ایک کمرے میں گاہکوں کا انتظار کر رہی دو لڑکیاں پچھلے دروازے سے بھاگ نکلنے اور کچے راستوں پر دور تک پیدل چلنے کے بعد کسی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں ۔ پولیس نے چھاپے کے دوران وہاں سے کنڈومس اور کپڑے وغیرہ ضبط کیے ہیں ۔ 

    کیا پولیس کی ملی بھگت ہے ؟:    سمجھا جاتا ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے مرڈیشور جیسے سیاحتی مرکز میں  سیاحوں کی آمد و رفت میں بے انتہا اضافے کے ساتھ یہاں پر جسم فروشی کا کاروبار بھی بڑے پیمانے پر چل رہا ہے اور عام خیال یہی ہے کہ یہ دھندا مرڈیشور پولیس کی لاعلمی میں نہیں بلکہ براہ راست ان کی جانکاری اور ملی بھگت کے ساتھ ہی پھل پھول رہا ہے ۔ عوام کی مانیں تو  یہاں صرف بینگلورو، شیموگہ، ہبلی، منگلورو جیسے شہروں سے ہی نہیں بلکہ دوسری ریاستوں سے بھی لڑکیاں اور خواتین جسم فروشی کے لئے آتی ہیں  یا لائی جاتی ہیں  اور  یہ بات مقامی پولیس کے علم میں بار بار لائے جانے کے باوجود اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ۔ 

    بھٹکل پولیس پر بھی ہے شبہ :    بعض حلقوں میں یہ سرگوشی عام طور پر سنائی دیتی ہے کہ مرڈیشور پولیس تھانے کے ایک سب انسپکٹر اور بھٹکل سب ڈیویژن کے ایک اعلیٰ افسر کے درمیان دوستانہ  تعلقات ہے اور اس اعلیٰ افسر کے تعاون سے  ہی یہ سب انسپکٹر مرڈیشور میں جسم فروشی کے کاروبار میں فروغ کے لئے معاون بن رہا ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس کی طرف سے آنکھیں موند لینے کی وجہ سے  مرڈیشور کے مختلف مقامات پر جوے بازی کا کاروبار بھی بے روک ٹوک چلایا جا رہا ہے ۔ 

    اسی پس منظر میں ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے بی اشوینی جیسی فرض شناس اعلیٰ پولیس آفیسر کی قیادت میں مرڈیشور کے ہوٹل پر مارے گئے چھاپے سے عوام کے اندر امید جاگ اٹھی ہے کہ یہاں جسم فروشی اور جوے بازی کے غیر قانونی کاروبار پر روک لگانے کی کارروائیاں آگے بڑھیں گی ۔ 

    دو مرتبہ ملتوی ہوا تھا چھاپہ :    بعض ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس سے پہلے ضلع پولیس کی طرف سے مرڈیشور میں دو مرتبہ چھاپہ ماری کو ملتوی کیا گیا تھا کیونکہ کاروار سے چھاپہ ماری کے لئے ٹیم نکلتے ہی یہ خبر بھٹکل اور مرڈیشور پولیس کو پتہ چل جاتی تھی اور جسم فروشی کے کاروبار میں ملوث ٹھکانوں تک یہ بات پہنچ جاتی تھی ۔ اسی وجہ سے تیسری مرتبہ چھاپہ مارنے کے لئے سی ای این شعبہ کی ڈی وائی ایس پی اشوینی نے اپنی ٹیم ہی بدل دی اور نئی ٹیم کے ساتھ بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر چندن کو اعتماد میں لے کر اس مرتبہ کارروائی انجام دی گئی ۔  

     ہوٹل کا گھیراو :     پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کچھ دن پہلے بستی مکّی کی ایک طالبہ جب نیشنل ہائی وے پر واقع ایک ہوٹل کے سامنے  بس کا انتظار کر رہی تھی تو سڑک سے گزرنے والے ایک موٹر بائک سوار نے اسے ہائی وے پر واقع  ہوٹل میں جسم فروشی کرنے والی لڑکی سمجھ لیا اور قریب آ کر ہوٹل میں رات گزارنے کے تعلق سے پوچھنے لگا۔  اس صورتحال سے گھبرائی ہوئی لڑکی نے جب گھر والوں کو یہ بات بتائی تو گاوں والوں نے  اس جسم فروشی کے ذریعے علاقے کا نام خراب کرنے والے  متعلقہ ہوٹل  کا گھیراو کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ مگر ایک مقامی لیڈر نے صلاح دی کہ گھیراو کرنے کے بجائے ضلع پولیس کو اس تعلق سے معلومات فراہم کرکے ہوٹل اور اس کاروبار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائے ۔ اس طرح ضلع ایس پی، کرائم برانچ وغیرہ کے علم میں یہ بات لائی گئی تو پھر ضلع پولیس کی جانب سے کل یہ کارروائی انجام دی گئی ۔ 

    سب انسپکٹر منجوناتھ کا تبادلہ :    مرڈیشور کے سیاحتی مقام پر بڑھتے ہوئے جسم فروشی اور جوئے بازی کے کاروبار اور ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے اس کارروائی کے ساتھ ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نارائین کی طرف سے  مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے لا اینڈ آرڈر سب انسپکٹر منجو ناتھ کو کسی مقررہ میعاد کے تعین کے بغیر ہی کاروار پولیس کنٹرول روم  میں حاضر ہونے کے لئے کہا گیا ہے اور مرڈیشور تھانے کے کرائم سب انسپکٹر شیو کمار کو لا اینڈ آرڈر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ 

    منجو ناتھ کے خلاف کارروائی کامطالبہ :     بی جے پی لیڈر ایشور نائک نے مطالبہ کیا ہے کہ مرڈیشور کا ماحول خراب کرنے کے ذمہ دار سب انسپکٹر منجو ناتھ کے خلاف کڑی کارروائی ہونی چاہیے ۔ ایشور نائک کا کہنا ہے کہ مرڈیشور میں جسم فروشی کا دھندہ اپنی حدیں پار کر رہا ہے ۔ مذہبی تقدیس کی وجہ سے شہرت یافتہ مرڈیشور میں روزانہ ہزاروں سیاح آتے ہیں ۔ ایس آئی منجو ناتھ نے اس بات کو نظر انداز کرتے ہوئے یہاں کے ماحول کو خراب کرکے رکھ دیا ۔ یہ ساری چیزیں اس سے پہلے بھی اعلیٰ افسران کے علم میں لائی گئی تھیں ۔ اب کرائم برانچ کی طرف سے جو چھاپہ ماری ہوئی ہے اور جسم فروشی کو روکنے کا اقدام کیا گیا ہے اس سے عوام کو کچھ اطمینان ہوا ہے ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

 بھٹکل : زرعی زمین کے دستاویزات کو آدھار کارڈ کے ساتھ لنک کرنے کا کام جلد پورا کرنے اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت

بھٹکل تحصیلدار دفتر سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں زرعی زمین کے مالکان سے اپیل کی گئی ہے کہ سرکاری حکم کے مطابق زرعی زمین کے دستاویزات کو مالکان کے آدھار کارڈ سے جوڑنے کا کام جلد پورا کیا جائے ۔

بھٹکل: مرڈیشور سمندر میں کشتی اُلٹ گئی؛ ایک کی موت، چار کو بچالیا گیا

تعلقہ کے مرڈیشور سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آکر ایک کشتی  کے اُلٹ جانے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی، جبکہ کنارے پر موجود دیگر ماہی گیروں کی مدد سے بقیہ چار کو بچالیا گیا۔ جن میں سے دو کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مہلوک کی شناخت ...

کاروار : گھر بدلنے پر بھی اب دستیاب رہے گی 'گروہہ جیوتی' مفت بجلی اسکیم 

ریاست میں کانگریسی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی پانچ اسکیموں میں سے ایک 'گروہہ جیوتی' اسکیم کا فائدہ اٹھانے والوں کو اپنا گھر بدلنے کی صورت میں یہ اسکیم دستیاب رہے گی کیونکہ بجلی سپلائی کمپنیوں نے اب پرانے بجلی میٹر کے آر آر نمبر کو ڈی - لنک کرکے نئے آر آر نمبر کے ساتھ رجسٹر کرنے ...

بھٹکل میں گنیش تہوار منانے کے دوران لڑکا سمندرمیں غرق ہوتے ہوتے بچا؛ کوسٹ گارڈ کی پہنچی مدد

بھٹکل میں گنیش تہوار منانے کے دوران ایک 14 سالہ لڑکا سمندر میں بہہ گیا تھا مگر فوری طور پر کوسٹ گارڈ کی مدد پہنچنے کی وجہ سے وہ بال بال بچ گیا۔ لڑکے کی شناخت بندر کے رہنے والے سمرتھ شری دھر کھاروی کی حیثیت سےکی گئی ہے۔

بھٹکل کے شرالی میں بائک کی ٹکر سے راہ گیر شدید زخمی

  تعلقہ کے  شرالی چیک پوسٹ کے قریب راہ چلتے ایک شخص سے تیز رفتار بائک کی ٹکر سے راہ گیر شدید زخمی ہوگیا، جس کی حالت کافی نازک بتائی گئی ہے۔ زخمی شخص کی شناخت شرالی  گوڈی ہتّل کے رہنے والے  سید عبدالحمید ابن  سید محمود (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے تین تعلیمی اداروں میں 'روبوٹیکس لیباریٹریس' کا افتتاح

بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے ماتحت جاری تین تعلیمی اداروں ودیانجلی پبلک اسکول، ودیا بھارتی انگلش میڈیم اسکول اور سری گروسُدھیندرا نیو انگلش پی یوکالج میں   روبوٹیکس لیباریٹریس تعمیر کی گئی ہیں،ان  تینوں لیباریٹریس کا  5 ستمبر بروز جمعرات کو باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔