آمدنی دُگنی کرنے کا وعدہ وزیراعظم کیلئے نئی پریشانی بن گیا، زرعی قوانین کی منسوخی کا بل کابینہ میں منظور ہوتے ہی ٹکیت نے واضح کیا کہ ’’یہ آندولن ابھی ختم نہیں ہوگا

Source: S.O. News Service | Published on 25th November 2021, 11:57 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 25؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے ۲۰۲۲ء  تک کسانوں کی آمدنی دگنی کردینے کا وزیراعظم مودی کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے بدھ کو اعلان کیا کہ کسانوں کا آندولن اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک کہ کسانوں کو ان کی فصلوں کےمناسب دام نہیں مل جاتے۔  اس   کے ساتھ ہی انہوں نے اشارہ دے دیا ہے کہ کسان ۲۰۲۲ء تک کسانوں کی آمدنی دگنی کرنے کے وزیراعظم  کے وعدہ کو بھی  اپنے آندولن کا موضوع بنا سکتے ہیں۔ 

 بدھ کو ایک طرف جہاں مرکزی کابینہ  نے زرعی قوانین  کی منسوخی  کے بل کو منظوری دی تو وہیں دوسری جانب راکیش ٹکیت  نے اپنے ایک ٹویٹ سے کسانوں  کےتیوروں کو ظاہر کردیا کہ وہ  ایم ایس پی کی ضمانت اور اپنے دیگر مطالبات کی منظوری کےبغیر احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ ٹکیت نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’یہ آندولن ابھی ختم نہیں ہوگا۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نے اطلاع دی کہ ’’۲۷؍ نومبر کو ہماری میٹنگ ہے جس میں ہم آگے کا فیصلہ کریں گے۔‘‘اس کے ساتھ ہی کسانوں کی آمدنی دگنی کرنے کے وزیراعظم کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’مودی جی نے کہا ہے کہ یکم جنوری (۲۰۲۲ء) سے کسانوں  کی آمدنی دگنی ہوجائےگی توہم پوچھیں گے کہ کیسے دگنی ہوگی۔‘‘ بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان  نے اس کے ساتھ ہی واضح کیا کہ ’’کسانوں کی جیت اس وقت ہوگی جب انہیں اپنی فصلوں کے دام مل جائیں گے۔‘‘

  اس سے قبل منگل کو ٹکیت نے اعلان کیاتھا کہ ’’۶۰؍ ٹریکٹروں کے ساتھ دہلی میں مارچ نکال کر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی گارنٹی کے لئے دباؤ ڈالیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ہے کہ’’۲۹؍نومبر کو کسان ٹریکٹر مارچ نکال کر پارلیمنٹ تک جائیں گے۔ ‘‘ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پیر ۲۹؍  نومبر سے شروع ہوگا جس کے۲۳؍ دسمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔راکیش ٹکیت نے کہا ہے ’’ہم پر سڑکوں کو مسدود کرنے کا الزام عائد ہوا تھا۔ لیکن یہ ہم نے نہیں کیا تھا۔ سڑکوں کو مسدود کرنا ہماری تحریک نہیں ہے۔ اس بار ایک ہزار لوگ پارلیمنٹ تک جائیں گے۔‘‘ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ہم ایم ایس پی پر حکومت کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں  نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ ایک سال( کے آندولن ) میں۷۵۰؍ کسانوں کی موت ہوئی ہے، اس کی ذمہ داری بھی حکومت کو لینی چاہیے۔‘‘دریں اثنا، متحدہ کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹریکٹر ریلی  منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ دہلی کے آس پاس سے ہزاروں کسانوں کے آنے کی امید ہے۔ تحریک کی جزوی فتح کا جشن۲۶؍نومبر کو منایا جائے گا۔

 اس بیچ بدھ کو مرکزی کابینہ نے وزیراعظم  کے اعلان کے مطابق تینوں متنازع زرعی قوانین کی منسوخی کا بل کابینہ میں  اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ اب اسے سرمائی اجلاس میں پیش کر کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کروایا جائےگا۔   تینوں زرعی قوانین کی واپسی کا اعلان گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے نام خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔ بدھکو کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ ’’تینوں   زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کی ضابطے کی کارروائی کو کابینہ نے  مکمل کرلیا ہے۔  پارلیمنٹ کے اجلاس میںہماری ترجیح  ان قوانین کی واپسی ہوگی۔‘‘ 

  زرعی قوانین کی منسوخی کے ساتھ ہی کسانوں کا دوسرا کلیدی مطالبہ  ایم ایس پی کی ضمانت تھی۔ اس سلسلے میں جب انوراگ ٹھاکر  سے سوال کیاگیاتو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔  اس کے ساتھ ہی کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کاس گنج میں مظاہرہ کرنے والے کسانوں کواپنی گاڑیوں سے کچلنے کے ملزم آشیش مشرا کے والد اجے مشرا ٹینی کو مرکزی کابینہ سے برطرف کیا جائے۔ کسانوں  نے واضح اشارہ دیا ہے کہ ان مطالبات کی منظوری کے بغیر وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ 

ایک نظر اس پر بھی

مغربی بنگال: پہلے مرحلہ میں تشدد کے بعد الیکشن کمیشن نے سنٹرل فورس کی 303 کمپنیاں تعینات کرنے کا کیا فیصلہ

لوک سبھا انتخاب کے پہلے مرحلہ کی پولنگ 19 اپریل کو اختتام پذیر ہو گئی۔ اس دوران مغربی بنگال میں کچھ مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے۔ اس کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ میں سیکورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ کے ...

شراب پالیسی معاملہ: عدالت نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھا

راجدھانی دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ دہلی شراب پالیسی معاملہ میں درج بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں عام آدمی پارٹی (عآّپ) کے رہنما منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ ...

کیرالہ میں مودی حکومت پر برسیں پرینکا گاندھی۔ کہا؛ جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قوانین بنانے میں لگا ہے مرکز

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کیرالہ میں انتخابی مہم چلاتےہوئے مودی حکومت پر برس پریں اور کہا کہ مرکزی حکومت جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قوانین بنانے میں لگا ہے۔ یاد رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد اب دوسرے مرحلے کے لیے 26 اپریل کو ووٹ ڈالے ...

حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مغربی اتر پردیش میں ’انڈر کرنٹ‘ کے دعوے کے ساتھ کانگریس نے وزیر اعظم سے پوچھے تین سوالات

وزیر اعظم مودی آج اترپردیش میں بی جے پی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے دورے کے موقع پر کانگریس نے مودی حکومت کے خلاف مغربی اترپردیش میں حکومت کے خلاف ’انڈرکرنٹ‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے تین سوالات کیے ہیں۔ یہ تینوں سوالات وزیر اعظم کے دعووں اور اترپردیش کے ...

کیجریوال کی بیماری کا مذاق اڑایا جا رہا، گہری سازش رچی جا رہی! سنجے سنگھ نے بی جے پی پر لگائے الزامات

دہلی شراب پالیسی معاملہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں جیل میں قید دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی صحت کو لے کر راجدھانی دہلی کے سیاسی حلقوں میں جمعرات سے ہی الزامات اور جوابی الزامات لگائے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ جمعہ کو صبح عام آدمی پارٹی کے رکن ...