پرینکا گاندھی عصمت دری سے متعلق متنازعہ بیان دینے والے کانگریس رکن اسمبلی پر برہم
نئی دہلی،17؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک اسمبلی میں کانگریس رکن اسمبلی رمیش کمار کے ذریعہ عصمت دری سے متعلق دیے گئے متنازعہ بیان پر ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا اس بیان پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے رمیش کمار کے بیان پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’میں رمیش کمار کے ذریعہ گزشتہ روز دیے گئے بیان کی پوری طرح مذمت کرتی ہوں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے رمیش کمار کے ذریعہ اس طرح کا بیان دیے جانے پر حیرانی بھی ظاہر کی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’کوئی اس طرح کے الفاظ کیسے استعمال کر سکتا ہے، یہ سمجھ سے باہر ہے۔ عصمت دری ایک انتہائی گھناؤنا جرم ہے۔‘‘
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو رمیش کمار نے اسمبلی میں کسی بات پر کہا تھا کہ ’’دیکھیے ایک کہاوت ہے– جب عصمت دری ہونی ہی ہے، تو لیٹو اور مزے لو۔‘‘ اس پر اسمبلی اسپیکر کاگیری انھیں روکنے اور کارروائی کرنے کی جگہ ہنستے ہوئے دکھائی دیے تھے۔ اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت ناراضگی ظاہر کی۔ کانگریس رکن اسمبلی کے ساتھ ساتھ اسپیکر کے عمل پر بھی انھوں نے غصے کا اظہار کیا۔ کئی سیاسی ہستیوں نے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔