اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں خانگی بسوں کی خدمات آج سے شروع ؛ کرایوں میں اضافہ کا اعلان، 10 روپئے اقل ترین کرایہ
اُڈپی، یکم جون (ایس او نیوز) اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں خانگی آپریٹرس کی بس خدمات آج یکم جون سے بحال ہوگئی ہے مگر کرایوں میں 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس بات کی جانکاری کینرا بس اسوسی ایشن کے صدر راج ورما بلّال نے دی ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسوسی ایشن کے ارکان نے 3 ماہ کے ٹیکس میں توقف کی اپیل کی تھی جب کہ ہمیں 2 ماہ کا توقف موصول ہوا ہے اور ہم نے مزید ایک ماہ کے لئے اپیل کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بس کے کرایوں میں 15 فیصد کے اضافہ سے اتفاق کرلیا ہے اور تمام پاسیس جو پہلے جاری کئے جاچکے ہیں اُن کو کیش کارڈ ز سے تبدیل کیا جائے گا۔ کووڈ ۔19 بحران کے خاتمہ تک کسی کو بھی ڈسکاؤنٹ نہیں دیا جائے گا۔ بسیس صبح 7 تا شام 7 بجے چلیں گی۔ اقل ترین کرایہ پیر سے 10 روپئے ہوگا اور صرف 30 مسافرین کو بیک وقت بس سے سفر کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ اُڈپی اور دکشن کنڑا اضلاع میں خانگی بس سرویس کی خدمات زیادہ ہیں کیونکہ گھاٹ سیکشن میں صرف چھوٹی بسیں پہاڑی علاقوں کی سڑکوں پر چلائی جاسکتی ہیں۔ سرکاری طور پر چلائی جانے والی بسیں چونکہ بڑی ہوتی ہیں، تنگ سڑکوں کے لئے مناسب نہیں ہوتی۔ کیونکہ بڑی بسوں کو تیڑھے میڑھے راستوں پر چلانا بے حد مشکل ہوتا ہے۔