حاملہ ہاتھی کی دردناک موت کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ برہم، مرکز نے کیرالہ حکومت سے مانگی رپورٹ

Source: S.O. News Service | Published on 4th June 2020, 10:32 PM | ملکی خبریں |

پلکڈ،4؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) کیرالہ کے پلکڈ ضلع واقع سائلنٹ ویلی فاریسٹ میں ایک حاملہ ہاتھی گزشتہ دنوں انتقال کر گئی۔ اس کی موت انتہائی دردناک طریقے سے ہوئی جس کی خبر سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد کئی بڑی ہستیوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دراصل کسی نے حاملہ ہاتھی کو اناناس کے اندر دھماکہ خیز مادہ بھر کر کھلا دیا تھا اور اس کے بعد ہتھنی کا جبڑا اور پیٹ بری طرح زخمی ہو گیا تھا۔ بعد ازاں بھاگتی ہوئی ہتھنی ایک ندی میں پہنچی جہاں وہ تین دن تک کھڑی رہی اور زخموں کی تاب نہ لا کر آخر کار ہلاک ہو گئی۔

اس واقعہ کی چہار جانب تنقید ہو رہی ہے اور قصورواروں کو سزا دینے کا مطالبہ بھی زور پکڑنے لگا ہے۔ اس درمیان مرکزی حکومت نے بھی معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ خبروں کے مطابق مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے کیرالہ حکومت سے اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی، ٹاٹا سنس کے چیئرمین رتن ٹاٹا، بی ایس پی سربراہ مایاوتی، بی جے پی رکن پارلیمنٹ بابل سپریو سمیت کئی معروف ہستیوں نے حاملہ ہاتھی کی موت پر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ کوہلی نے تو ٹوئٹ کر کے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کیرالہ میں جو کچھ ہوا اس کے بارے میں سن کر بہت افسردہ ہوں۔ رتن ٹاٹا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "اس واقعہ سے میں کافی حیران اور ششدر ہوں، بے گناہ جانوروں کے ساتھ ایسے مجرمانہ کام انسانوں کے قتل سے الگ نہیں ہیں۔"

بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے بھی کیرالہ میں حاملہ ہاتھی کے وحشیانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اس کے قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔ انھوں نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "ہاتھی ایک سمجھدار جانور ہے اور اس کے ساتھ وحشی پن کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔"

اس پورے معاملے پر کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کا بھی رد عمل سامنے آ چکا ہے۔ انھوں نے ہتھنی کی موت سے متعلق جانچ کا حکم دے دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پینارائی وجین کا کہنا ہے کہ پلکڈ ضلع کے منارکڈ جنگلاتی ڈویژن میں ہاتھی کی موت سے متعلق ابتدائی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولس کو واقعہ کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ اس معاملے کی جانچ جنگلاتی جانور جرائم جانچ دستہ کی ایک ٹیم کے سپرد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حاملہ ہاتھی دراصل کھانے کی تلاش میں بھٹکتے ہوئے 25 مئی کو جنگل سے قریب کے گاؤں میں پہنچ گئی تھی۔ حاملہ ہونے کی وجہ سے اسے اپنے بچے کے لیے کھانے کی ضرورت تھی۔ ایسے وقت میں کچھ لوگوں نے اسے اناناس کھلا دیا جس کے بعد اس کے منھ میں دھماکہ ہوا اور اس کا جبڑا بری طرح سے پھٹ گیا۔ اس دھماکہ میں اس کے دانت بھی ٹوٹ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی نے بدمعاشنی میں اناناس میں دھماکہ خیز مادہ رکھ کر اس حاملہ ہاتھی کو کھلا دیا۔ درد سے تڑپ رہی ہتھنی کو جب کچھ سمجھ نہیں آیا تو وہ ویلیار ندی میں جا کھڑی ہوئی اور اپنے درد کو کم کرنے کے لیے وہ پورے وقت بار بار پانی پیتی رہی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ہتھنی کا درد اتنا شدید تھا کہ وہ تین دن تک ندی میں سونڈ ڈال کر کھڑی رہی۔ آخر کار وہ زندگی کی جنگ ہار گئی۔ محکمہ جنگلات کے افسران کے مطابق اس کی عمر 15-14 سال تھی۔ افسران نے یہ بھی بتایا کہ وقت پر اس تک مدد نہیں پہنچائی جا سکی۔ ہاتھی کے بارے میں جانکاری ملنے کے بعد محکمہ جنگلات کے افسران اسے بچانے کے لیے پہنچے لیکن وہ پانی سے باہر نہیں آئی اور ہفتہ کے روز اس کی موت ہو گئی۔

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...