نئی دہلی،19؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) کورونا وائرس کووڈ-19کی وجہ سے جاری ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں تہاں پھنسے تارکین وطن کو انفیکشن کی جانچ کے بعد گاؤں واپس بھیجنے کی ہدایات سے متعلق پٹیشن سپریم کورٹ میں ہفتہ کو دائر کی گئی-
درخواست گزار جگدیپ سنگھ چھوکر نے معروف وکیل پرشانت بھوشن کے ذریعے مفاد عامہ کی عرضی داخل کی ہے -درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور پریشان ہیں اور انہیں اپنے آبائی گاؤں واپس بھیج دیا جانا چاہئے -
درخواست گزار نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ تارکین وطن مزدور متاثر ہوئے ہیں - ان کارکنوں کو کورونا انفیکشن کی جانچ میں نگیٹیو پائے جانے کے بعد گاؤں بھیج دیا جانا چاہئے -
درخواست گزار نے مزدوروں کو زبردستی گھر سے دور رکھنے کو ان کے آئین کے فراہم کردہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور عدالت سے درخواست کی کہ وہ ایسے تارکین وطن کارکنوں کو اپنے گاؤں بھیجنے کیلئے مرکزی حکومت کو ہدایات دے -درخواست کی سماعت پیر کو ہو سکتی ہے -