قلمدانوں کی تبدیلی وزیراعلیٰ کااختیار ہے: آراشوک
بنگلورو،22؍جنوری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے مال گزاری آر اشوک نے آج کہا کہ قلمدانوں میں ردوبدل کرناوزیراعلیٰ کا اختیار ہے۔اس پر کسی کو سوال کرنے کا حق نہیں۔سیاست میں قلمدانوں میں ردوبدل عام بات ہے، تمام وزراء کو مطمئن کرناممکن نہیں۔
یہاں ودھان سودھا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایڈی یورپا پہلی بار وزیراعلیٰ نہیں بنے ہیں،بلکہ چار مرتبہ وزیراعلیٰ کاعہدہ سنبھال چکے ہیں۔کس کو کونساقلمدان دیا جانا چاہئے، انہیں اچھی طرح معلوم ہے۔ انہوں نے اپنے تجربہ کی بنیاد پر قلمدان تقسیم کئے ہیں۔وزیراعلیٰ کے اختیار پر سوال کرنا درست نہیں۔وزیر اعلیٰ نے کافی غور کے بعد ہی قلمدان تقسیم کئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پر تمام کو اعتماد ہے۔ وہ اس مسئلہ کو حل کرلیں گے۔مادھو سوامی نے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔انہیں اچھا قلمدان ملا ہے، اس پر انہیں خوش ہوناچاہئے۔