بھٹکل 21/دسمبر (ایس او نیوز) پورے ملک کے ساتھ ریاست کرناٹکا میں بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا جو سلسلہ چل پڑا ہے اسے دیکھتے ہوئے ضلع شمالی کینرا کے ایک حساس سمجھے جانے والے شہر بھٹکل میں جمعہ کے دن پولیس نے ایس پی کی قیادت میں فلیگ مارچ کیا۔
بھٹکل بندر روڈ، سلطان اسٹریٹ، پھول بازار سمیت شہر کی دس اہم سڑکوں پر ایس پی شیوپرکاش دیوراجو، ایڈیشنل ایس پی گوپال بیاکوڈ، بھٹکل اے ایس پی نکھل بی اور مقامی پولیس افسران نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔اس کے بعد ایس پی مقامی پولیس افسران کے ساتھ تعلقہ کے اہم ترین اور حساس علاقوں کی نشاندہی کی اور وہاں پر پولیس کا مناسب بندوبست کردیااور حالات پر پوری طرح نگاہ بنائے رکھنے کی ہدایت دی۔مجرمانہ پس منظر رکھنے والے افراد کے چال چلن پر بھی پوری طرح نظر رکھی جارہی ہے۔
بھٹکل میں یہ خبر گرم تھی کہ مختلف اداروں کی طرف سے جمعہ کے دن شہریت قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا۔لیکن ضلع میں امتناعی احکامات نافذ رہنے کی وجہ سے احتجاج کو مؤخر کیا گیا ہے۔ دفعہ 144ہٹائے جانے کے بعدزبردست احتجاج منعقد ہونے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے چوکسی اور بندوبست کے تعلق سے ضروری اقدامات پر توجہ مرکوز کی ہے۔پولیس کی سب سے بڑی ترجیح اسی بات پر ہے کہ احتجاجی مظاہرے سے شرپسند کسی قسم کا ناجائز فائدہ اٹھانے نہ پائیں۔پتہ چلا ہے کہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کا قیام آئندہ دو تین دنوں تک بھٹکل میں ہی رہے گااور وہ خودیہاں کے حالات کی نگرانی کریں گے۔