مڈیکیرے ہوم اسٹے میں چل رہی ’ریؤپارٹی ‘پر پولیس کا چھاپہ۔ پانچ ملزمین گرفتار
مڈیکیرے14؍جنوری (ایس او نیوز) ضلع کورگ کے مڈیکیرے میں واقع ایک ’ہوم اسٹے‘ میں نشے بازی کے لئے چل رہی ’ریؤ پارٹی‘پر پولیس نے چھاپہ مارا اور پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ملینڈا اپّنّا نامی شخص ناپوکولو نامی مقام پرسیاحوں کو ’بالاجی اے ون ہوم اسٹے‘ کے نام سے رہائش اورپارٹی کی سہولت فراہم کیا کرتا تھا۔نشہ بازی کی پارٹی چلنے کی مصدقہ خبرملنے پر پولیس نے اس ہوم اسٹے پر چھاپہ مارا اور ہوم اسٹے مالک سمیت نشیلی پارٹی میں مشغول پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین میں سے جوُڈے پیریرا اور شنکر شانتانو مہاراشٹرا کے رہنے والے ہیں جبکہ ایشور اور سائی رام بنگلورو کے رہنے والے ہیں۔چھاپے کے دوران 205.15گرام گانجہ،29گرام چرس(حشیش) اور حقہ اوراس سے متعلقہ سامان وغیرہ برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 1,75,500 روپے نقد بھی ضبط کیے گئے ہیں جس کے بارے میں گمان ہے کہ یہ منشیات کی فروخت سے ہونے والی کمائی ہے۔