بھٹکل 22؍اپریل (ایس او نیوز)پارلیمانی انتخابات کے لئے بھٹکل اسمبلی حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے پولیس نے خصوصی بندوبست اور انتظامات کیے ہیں۔ جس کاجائزہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ونائیک پاٹل کی موجودگی میں لیا گیا۔
کاروار سے تشریف فرما ایس پی ونائک پاٹل نے بھٹکل ٹاون پولس تھانہ پہنچ کر جائزہ لینے کے بعد ضروری ہدایات دیں اور بھٹکل میں امن و امان کو بنائے رکھنے کے تعلق سے مکمل رہنمائی فرمائی۔ اس موقع پرمختلف علاقوں میں پولیس کے دستوں کو تعینات کرنے سے قبل ڈی وائی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا نے پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران پوری طرح غیر جانبداری اور شفافیت کا مظاہرہ کرے۔ انتخابات چونکہ سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہوتے ہیں اس لئے کسی بھی پارٹی، امیدوار یا ان کے حامیوں کو پولیس کے کردار پر کسی قسم کا شک و شبہ ہونے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔جہاں کہیں بھی حالات قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ہو، تو فوری طور پر اعلیٰ افسران سے رابطہ قائم کریں۔
ڈی وائی ایس پی نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بھٹکل چونکہ فرقہ وارانہ حیثیت سے ایک حساس علاقہ ہے اس لئے جو افراد ووٹنگ کے لئے پولنگ بوتھ تک آتے ہیں ان کے ساتھ صبر وتحمل اور نرمی کا برتاؤ کیا جائے۔پولنگ بوتھ کے اطراف میں قانون لاگو کرنے پر سختی کے ساتھ کاربند رہیں۔ اس موقع پر سرکل پولیس انسپکٹرگنیش بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ کل منگل 23/اپریل کو بھٹکل میں انتخابات ہوں گے۔