بھٹکل 9/ستمبر (ایس او نیوز) انجمن پی یو کالج فار ویمن کے زیراہتمام کالج کی پرنسپال محترمہ ڈاکٹر فرزانہ محتشم کی نگرانی میں محترمہ صبیحہ پروین لیکچرار(اکنانومکس) نے پی یو فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی طالبات کے لئے مورخہ 4ستمبر کو شخصیت کے ارتقاء (پرسنالٹی ڈیولپمنٹ)سے متعلق رہنمائی کا ایک کامیاب اجلاس منعقد کیا۔
پی یو سائنس سال دوم کی طالبہ تنزیل معلم کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔اس اجلاس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ موجودہ حالات میں پیدا ہونے والے تصورات اور رجحانات سے ہم آہنگ ہونے کے لئے طلبہ کو اپنی شخصیت بنانے کی طرف رہنمائی کی جائے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔ اس موضوع پر بہت ہی مؤثر طریقے سے پرزنٹیشن کیا گیااور طلبہ کو اس سے روشناس کرنے کی کامیاب کوشش کی گئی۔
محترمہ صبیحہ نے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے قائدانہ صلاحیتوں، مثبت اور رجاعیت پسندانہ سوچ، ایک بہتر سیکھنے اور سننے والا بننے کی خصوصیات کو شخصیت سازی کے اہم عناصر قرار دیا۔ایل سی ڈی اسکرین پر پیاناسونک کے مالک کونوسکے متسو شیتا کی جدوجہد اور بہترین قیادت کے تعلق سے ایک معلوماتی کلپ بھی پیش کی گئی۔اس کے بعد اس اہم شخصیت کے متعلق طلبہ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اس شخصیت میں کن خصوصیات کو محسوس کیا۔ اس پر طلبہ کے جوابات اور ردعمل بہت ہی ہمت افزا رہا۔کلمات تشکر کے ساتھ یہ اہم اجلاس اختتام پزیر ہوا۔