دہلی: مدن پور کھادر میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے خلاف لوگوں کا احتجاج، رکن اسمبلی امانت اللہ خان گرفتار

Source: S.O. News Service | Published on 12th May 2022, 9:55 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،12؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) قومی راجدھانی دہلی کے مدن پور کھادر علاقہ میں جمعرات کے روز تجاوزات ہٹانے کے لئے پہنچی ایم سی ڈی کی ٹیم کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا، جس کے بعد علاقہ کا ماحول کشیدہ ہو گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین کی جانب سے تجاوزات ہٹانے کے لئے پہنچے عملہ پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے بعد حالات بے قابو ہو گئے۔

دریں اثنا، لوگوں کی حمایت کے لئے موقع پر پہنچے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو حراست میں لے لیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے ایم سی ڈی پر غریبوں کے گھر گرانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی گرفتاری سے لوگوں کے گھر بچ سکتے ہیں تو وہ جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ’’آپ نے کہا تھا کہ آپ تجاوزات ہٹائیں گے، اس میں آپ کے ساتھ ہوں لیکن آپ غریبوں کے گھر گرا رہے ہیں۔ اس علاقہ میں ایک بھی تعمیر غیر قانونی نہیں ہے۔‘‘

قبل ازیں، کنچن کنج نامی عمارت کو ایم سی ڈی نے منہدم کر دیا۔ اس کارروائی کے بعد مقامی خواتین نے کہا کہ پولیس نے ان کے ساتھ پہلے مارپیٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خواتین پر ڈنڈے چلا رہی تھی، آخر وہ اپنے گھر کو چھوڑ کر کہاں جائیں! پولیس پبلک کو کمزور بنا رہی ہے، پولیس ہماری حفاظت کے لئے ہے یا ہمیں مارنے کے لئے!

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے پورے علاقہ کو اپنے حصار میں لے لیا ہے، جبکہ پتھراؤ کرنے کے کچھ ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ علاقے میں صورت حال کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ علاقہ میں فلیگ مارچ بھی کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، دہلی کے روہنی علاقہ میں کے این کاٹجو روڈ پر بھی بلڈوزر کے ذریعے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی انجام دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہاں پر جھگیوں کو فٹ پاتھ یعنی سرکاری زمین پر بنایا گیا تھا۔ جب غیر قانونی جھگیوں کو ہٹانے کے لئے ایم سی ڈی کے عہدیداران موقع پر پہنچے تو لوگوں نے احتجاج کرنا شروع کر دیا۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے دیگر محکموں کے ساتھ ان کے دائرہ اختیار میں آنے والی سرکاری اراضی، فٹ پاتھ اور پیدل راستہ سے تجاوزات ہٹانے کے لئے بڑے پیمانھے پر مہم چلائی۔

ایک نظر اس پر بھی

حجاب کیس: ججوں کو دھمکیاں دینے والے شخص کی درخواست ضمانت مسترد

بنگلورو کی ایک سیشن عدالت نے تمل ناڈو کے ترونیل ویلی سے تعلق رکھنے والے رحمت اللہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے، جو حال ہی میں کلاس رومز میں حجاب پہننے پر فیصلہ سنانے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے ججوں کی جان کو مبینہ طور پر خطرے میں ڈالنے کے الزام میں عدالتی حراست میں ہے۔ سٹی ...

اب کارڈ کے بغیر بھی اے ٹی ایم سے رقم نکالنا ہوا ممکن

آر بی آئی نے نیا اصول نافذ کر دیا ہے۔ اگر آپ کے پاس بینک کارڈ نہیں ہے اور آپ اے ٹی ایم سے رقم نکالنا چاہتے ہیں، تب بھی نکال سکتے ہیں۔ آر بی آئی نے تمام بینکوں سے کہا ہے کہ وہ کارڈ استعمال کیے بغیر رقم نکالنے کی سہولت فراہم کریں۔ تاہم،ایس بی آئی سمیت کچھ منتخب بینک پہلے ہی یہ سہولت ...