بھٹکل گُڈلک روڈاور کارگیدے کے عوام کا الزام،تعمیر کئے جارہے ہیں غیر معیاری چمبرس؛ غوثیہ اسٹریٹ جیسا حال اب اوپری علاقوں میں ہونے کا ظاہر کیا خدشہ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 22nd November 2020, 9:53 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 20 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل جالی پٹن پنچایت حدود کے گُڈلک روڈ، کے ایچ بی کالونی اور کارگیدے  کے عوام نے  اپنے علاقوں میں ہونے والے پائپ لائن اور چمبرس کے کاموں میں کافی سارے نقص نکالتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چل کر  بھٹکل کے اوپری علاقوں کا حال بھی اگلے چند سالوں میں پرانے محلوں بالخصوص غوثیہ اسٹریٹ جیسا ہونے والا ہے کیونکہ   یہاں  شروع کیا گیا پائپ لائن بچھانے کا کام اور چمبرس تعمیر  کرنے کا کام بالکل  غیر معیاری ہے اور ابھی سے معلوم ہورہا ہے کہ  چمبرس کے ذریعے گھٹر کا پانی کنووں میں داخل ہونا  طے ہے۔

بھٹکل کے گڈلک روڈ پر گذشتہ کچھ دنوں سے پائپ لائن بچھانے کا  کام جاری ہے، اس تعلق سے آج مقامی نوجوانوں نے دو چمبرس کو کھول کر جانچ کی تو پتہ چلا کہ  ڈرینیج کے پانی کی نکاسی کےلئے  جو چمبرس بنائے گئے ہیں اس کی گہرائی ایک  میٹر بھی نہیں ہے حالانکہ عام طور پر دو سے ڈھائی میٹر گہرا ہونا چاہئے تھا۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف چمبرس کی گہرائی بے حدکم ہے، وہیں پائپ لائن کو جوڑنے کے بعد ایسا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے کہ  گھٹر کا گندہ پانی پائپ لائن سے گذرنے کے دوران   زمین میں جذب ہونے سے روک سکے،  چمبرس سے گھٹر کا پانی لکیج ہونے کا پورا خدشہ ہے۔ نوجوانوں نے اس بات کا بھی الزام لگایا ہے کہ  6 انچ کے پائپ بچھائے گئے ہیں حالانکہ ساحلی علاقوں میں جس طرح کی بارش ہوتی ہے،  بارش کا پانی  آسانی کے ساتھ ان چمبرس میں جانے کے پورے امکانات ہیں اور ایسا ہونے کی صورت میں بارش شروع ہوتے ہی  گھٹر کا پانی  راستوں میں بہناشروع ہوجائے گا۔  لوگوں نے الزام لگایا کہ   جو کام ہورہا ہے وہ بالکل غیر سائنٹیفک، اور مکمل  طور پر غیر معیاری ہے اور اگر فوری اس طرف توجہ دے کر کام کو روکا نہیں گیا تو  پورے علاقوں کے کنویں خراب ہونا طئے ہے اور بھٹکل کا یہ اوپری حصہ بھی بھٹکل کے غوثیہ اسٹریٹ جیسا ہوجائے گا جہاں   قریب 800 کنویں خراب ہوچکے ہیں۔ عوام کی طرف سے گفتگو کرتے ہوئے سماجی کارکن مصباح الحق نے بتایا کہ  جملہ 42.5 کلو میٹر علاقہ میں 39.5 کلو میٹر تک 6 انچ پائپ لگانا طئے کیا گیا ہے، مقامی عوام یا پنچایت ممبرس کو حمایت میں  لئے بغیر اور کسی سے مشورہ کئے بغیر کام شروع کیا گیا ہے،  جو کام ہورہا ہے وہ اگلے پانچ سال کو دیکھ کر شروع کیا گیا ہے حالانکہ ہمیں اگلے ۲۵ اور ۵۰ سال کا پلان دیکھ کر کام شروع کرنا چاہئے تھا،  پیشہ سے سیول انجینر مصباح نے خدشہ  ظاہر کیا کہ اگر اس کام کو آگے بڑھایا گیا تو  گراونڈ واٹر خراب ہونا طے ہے، جس کے نتیجے میں اگلے کچھ سالوں میں ان علاقوں میں بھی پینے کے پانی کا گھمبیر مسئلہ کھڑاہوسکتا ہے۔

کیا کہتے ہیں سابق جالی پٹن   پنچایت صدر: ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے  جالی پٹن پنچایت کے سابق صدر آدم پنمبور نے بتایا  کہ   جالی پٹن پنچایت کے علاقوں میں  انڈر گراونڈ ڈرینیج سسٹم کے لئے 70 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت  پانچ ویٹ ویل تعمیر کرنے کا حکومت کا منصوبہ ہے،  مگر جالی پٹن پنچایت کی میٹنگ میں اس تعلق سے جب بات آئی تھی تو ہم نے  واضح کیا تھا کہ پہلے ہمیں پلان  سمجھایا جائے، پروجکٹ رپورٹ،  پلان کا بلو پرنٹ سب کچھ واضح کیا جائے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کی بھی جانکاری ہونی چاہئے کہ  اس کام کے maintenance  پر کتنا خرچہ آئے گا اور وہ رقم کہاں سے حاصل ہوگی، جب تک پنچایت کے ممبران کو مکمل جانکاری حاصل نہیں ہوگی، ہم کام شروع نہیں کرسکتے کیونکہ  بھٹکل میونسپالٹی حدود کے غوثیہ اسٹریٹ کا معاملہ ہمارے سامنے ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم نے واٹر بورڈ کو کئی بار مدعو کیا اور پلان سمجھانے کی درخواست کی، مگر وہ آج تک ہمیں  پلان کے تعلق سے   سمجھانے نہیں آئے۔  میٹنگ میں قرار داد پاس کی گئی تھی  کہ جب تک تمام تفصیلات ہمارے سامنے نہیں آئے گی اور ممبران کو   مکمل طور پر مطمئن نہیں کیا جائے گا، ہم اس کام کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔

آدم صاحب نے بتایا کہ  جالی پٹن پنچایت کے اکثر کونسلروں نے اس کام کو اپنے علاقوں میں ہونے نہیں دیا ہے اور اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ جب تک ہمیں تفیصل نہیں دی جائے گی، پائپ لائن بچھانے نہیں دیا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ  آزاد نگرکے تمام چار وارڈس سمیت  عمر اسٹریٹ، موسیٰ نگر، مدینہ کالونی، محی الدین اسٹریٹ،  تگل گوڈ، بینڈیکن، بدریہ کالونی وغیرہ علاقوں میں   پائپ لائن بچھانے کا کام روک دیا گیا ہے۔ اس تعلق سے جالی پٹن پنچایت کے کونسلر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے بتایا کہ  اگر جالی پٹن پنچایت حدود میں  پائپ لائن بچھانے کا کام ہوتا ہے اور پانچ ویٹ ویل تعمیر کی جاتی ہے  تو اس کے maintenance پر سالانہ  چار کروڑ سے بھی زائد رقم  خرچ ہوگی، ہمیں پتہ  چلنا چاہئے کہ maintenance  کی یہ رقم کون ادا کرے گا ؟ کیا اس کے maintenance کو لے کر عوام پر بوجھ نہیں پڑے گا ؟ ایک ایک فرد پر کتنا خرچہ آئےگا۔   ایک اور کونسلر آفتاب دامدا نے بتایا کہ پنچایت کے کوئی بھی کونسلرس ترقیاتی کاموں کے خلاف نہیں ہیں، مگر کام کرنا ہے تو پہلے پنچایت ممبران کو حمایت میں لینا چاہئے،  ہمارے ہاتھ میں  مکمل پروجکٹ رپورٹ  ہونی چاہئے، پنچایت سے کوئی اجازت نامہ لئے  بغیر اور منصوبہ کو  پنچایت میٹنگ میں منظور کئے بغیر   کام کو آگے بڑھایاجاتا ہے تو پھر ہم ایسے کام کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے، ہم پر عوام کی بہت بڑی ذمہ داری ہے، اور ہمیں اپنے  عوام کو مطمئن کرکے ہی آگے بڑھنا ہوتا ہے۔ مزید کہا کہ  بھٹکل غوثیہ اسٹریٹ کا معاملہ سب کے سامنے ہے، عوام کے اندر کنویں خراب ہونے کی دہشت بیٹھی ہوئی ہے، اُس سے انہیں باہرنکالنا ہے تو پھر مکمل پلان ہمارے سامنے ہونا چاہئے اور ہمیں اعتماد میں لے کر ہی کام کو آگے بڑھانا چاہئے۔

منصوبہ زبردستی ٹھونسا جارہا ہے:   کارگیدے سے تعلق رکھنے والے کونسلر بلال قمری  سے پوچھے جانے پر انہوں نے  بتایا کہ یہ منصوبہ اُن کے علاقے میں زبردستی ٹھونسا جارہا ہے، پنچایت میں اس تعلق سے  حتمی فیصلہ ابھی لیا ہی نہیں گیا ہے،  مگر ہمیں اعتماد میں لئے بغیر ہی کام شروع کیا گیا ہے۔

 اسسٹنٹ کمشنر کو دیا جائے گا میمورنڈم:   گڈلک روڈ پر غیر معیاری کام کی بات منظر عام پر آنے کے بعد علاقہ کے عوام نے  اگلے دو دنوں میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کرکے اُنہیں ایک میمورنڈم دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں  تمام مسائل سے اُنہیں آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر جائے وقوع پر مصباح الحق کے ساتھ ساتھ کونسلر بلال قمری، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سکریٹری اور  الفلاح اسپورٹس سینٹر کے جنرل سکریٹری  مولانا  وصی اللہ ڈی ایف، معروف انجینئر اسماعیل جوباپو،  حسن قاضیا مسجد کے ذمہ دار عرفان محتشم،  جالی پٹن پنچایت نائب صدر فرزانہ ، ارشاد ائیکری، ریان رکن الدین، مولوی عبدالمعید شینگیری،  شینگری مسعود، ارشادصدیقہ و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔

 

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔