بھٹکل کے شرالی میں بائک کی ٹکر سے راہ گیر شدید زخمی
بھٹکل 8/ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے شرالی چیک پوسٹ کے قریب راہ چلتے ایک شخص سے تیز رفتار بائک کی ٹکر سے راہ گیر شدید زخمی ہوگیا، جس کی حالت کافی نازک بتائی گئی ہے۔ زخمی شخص کی شناخت شرالی گوڈی ہتّل کے رہنے والے سید عبدالحمید ابن سید محمود (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ گھر والوں نے بتایا کہ حادثہ جمعرات دوپہر قریب ساڑھے بارہ بجے اُس وقت پیش آیا تھا جب عبدالحمید قریبی دکان سے کچھ سامان کی خریداری کرکے واپس گھرلوٹ رہے تھے کہ مرڈیشور سے بھٹکل کی طرف آنے والی ایک تیز رفتار بائک ان سے ٹکراگئی۔ ٹکر میں عبدالحمید کے سر کو شدید چوٹ لگی ہے اور وہ کومہ میں چلے گئے ہیں۔ گھر والوں نے عوام الناس سے ان کی صحت یابی کے لئے دعاوں کی درخواست کی ہے۔
عبدالحمید کے بھائی عبدالعزیز نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد زخمی عبدالحمید کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے پرائیویٹ اسپتال لے جاکر اسکیننگ کرائی گئی، جس کے بعد نازک حالت میں انہیں منی پال لے جایا گیا، مگر منی پال اسپتال میں بھی ڈاکٹروں نے جواب دے دیا جس کے بعد اب انہیں واپس بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ عبدالعزیز نے بتایا کہ جمعرات سے لے کر آج اتوار تک وہ ہوش میں نہیں آئے ہیں۔
پولس نے بائک سوار کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ۔