تیجسوی اور میسا بھارتی سمیت چھ افراد پر ایف آئی آر کا حکم
پٹنہ،20؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) عدالت نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے اور قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو ، میسا بھارتی سمیت چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے یہ حکم پٹنہ سول کورٹ میں دائر شکایت کے ذیل میں دیا ہے۔ اس معاملہ میں شکایت نامہ ایف آئی آر کے لیے کوتوالی تھانے کو بھیج دیا گیا ہے۔ یہ معاملہ لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ دینے کے نام پر پانچ کروڑ روپے کے فراڈ کا ہے، وہیں تیجسوی یادو پر قتل کی دھمکی دینے کا بھی الزام ہے۔کہا جاتا ہے کہ کانگریس لیڈر اور ایڈوکیٹ سنجیو کمار سنگھ نے گزشتہ ماہ 18 اگست کو پٹنہ میں سی جے ایم کی عدالت میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس میں سنجیو کمار سنگھ نے بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو ، راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی اور بہار کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا سمیت چھ افراد پر الزام لگایا ہے۔ اس کے بعد 16 ستمبر کو پٹنہ کے ایس ایس پی اپیندر شرما کے ذریعہ کوتوالی پولیس اسٹیشن کو ایک کیس درج کرنے کا حکم دیا گیا۔خیال رہے کہ کانگریس لیڈر اور ایڈوکیٹ سنجیو کمار سنگھ نے دائر شکایت میں کہا ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے ٹکٹ دینے کے نام پر ان سے پانچ کروڑ روپے لیے تھے، پیسے بھی لے لئے گئے،اور انہیں ٹکٹ بھی نہیں دیا گیا۔ اس کے بعد انہیں یقین دلایا گیا کہ انہیں اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ دیا جائے گا ، لیکن اس وقت بھی نہیں ایسا بھی نہیں ہوا ۔ اب عدالت نے اس معاملہ میں حکم دیا ہے، حکم آنے کے بعد ملزمان کی طرف سے وضاحتیں بھی آنا شروع ہوگئی ہیں ۔