پاکستان اپنی برآمدات میں 12 ارب ڈالرز تک اضافہ کر سکتا ہے: عالمی بینک

Source: S.O. News Service | Published on 12th August 2020, 7:57 PM | عالمی خبریں |

 اسلام آباد،12/ اگست(آئی این ایس انڈیا)عالمی تجارتی تنظیم انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا وبا کے باوجود پاکستان اپنے تجارتی شعبے میں اصلاحات لا کر آئندہ تین سال کے دوران اپنی برآمدات میں 12 ارب ڈالرز اضافہ کر سکتا ہے۔

عالمی بینک کے اشتراک سے مرتب کی گئی اس جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نصف سے زائد برآمد کنندگان کو ملکی اور غیر ملکی ریگولیٹری قوانین کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

آئی ٹی سی کی جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیرف قواعد و ضوابط میں مناسب اصلاحات سے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ جائزہ رپورٹ لگ بھگ 1200 کاروباری افراد کی رائے پر مبنی ہے جس میں پاکستان میں زیادہ تر برآمدی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری کو درپیش تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نصف پاکستانی برآمد کنندگان کو پاکستان اور بیرون ملک تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط یا متعلقہ طریقہ کار پر عمل کرنے میں بظاہر مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی ممالک میں سخت قوانین نافذ ہیں جن میں درآمدات کی مکمل جانچ پڑتال اور لائسنس کے اجرا کے لیے درکار اقدامات پر عمل درآمد کی شرائط بھی شامل ہیں جنہیں بہت سے پاکستانی ایکسپورٹرز پورا نہیں کر پاتے۔

رپورٹ میں حکومت اور نجی شعبے کو ایسی تجاویز دی گئی ہیں جن پر عمل کر کے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے ان میں برآمدی اشیا کا معائنہ، ٹیکس کی واپسی سمیت لائسنس کے اجرا کے معاملات بھی شامل ہیں۔

لیکن رپورٹ کے مطابق 45 فی صد ایسے اقدامات جن کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور ان کو مقامی سطح پر حل کیا جاسکتا ہے۔

معروف تاجر زبیر موتی والا کا کہنا ہے کہ برآمدات سے متعلق قواعد و ضوابط اور نان ٹیرف مشکلات کے باوجود پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ان کے بقول اگر پاکستان کے برآمدی شعبے کے پیداواری اخراجات کو بنگلہ دیش کے برابر لایا جائے تو پاکستان اپنی برآمدات میں 12 ارب ڈالرز تک اضافہ کر سکتا ہے۔

زبیر موتی والا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ایکسپورٹرز کی سب سے بڑی مشکل ریفنڈ کی ادائیگی ہے۔ اس عمل کو آسان بنا کر پاکستان کے برآمدی شعبے سے وابستہ افراد کی مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے۔

ان کے بقول اگرچہ موجودہ حکومت نے اس معاملے کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں جس کی وجہ سے جولائی میں کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی برآمدات کا حجم دو ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

زبیر موتی والا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی درآمدی مصنوعات میں استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی صفر اور پیداواری لاگت کم کر کے پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری طرف پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کاروباری شعبے کی مشکلات حل کرنے سمیت پاکستانی برآمدات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ برآمد کنندگان کے مطالبے پر اسٹیٹ بینک اور پاکستان کسٹم نے کسٹم ڈیوٹی ڈرا بیک کو ایکسپورٹرز کے اکاوئنٹس میں براہ راست منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ان کے بقول حکومت کی کوششوں سے بعض افریقی ممالک کو ہونے والی پاکستانی برآمدات میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باوجود پاکستانی برآمد کنندگان کی کوششوں کو سراہنے کی ضرورت ہے کیوں کہ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔