ہماچل پردیش میں زوردار بارش سے مشکل حالات ہوئے پیدا، 100 سے زائد سڑکیں بند، 8 ضلعوں میں سیلاب کا الرٹ
شملہ، 3/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہماچل پردیش میں پیر کو زوردار بارش کے سبب قومی شاہراہ 707 سمیت مجموعی طور پر 109 سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سنٹرل نے یہ جانکاری دی۔ مقامی محکمہ موسمیات نے منگل تک چمبا، کانگڑا، منڈی، شملہ، سرمور، سولن، کلو اور کنور کے کچھ حصوں میں ہلکے سے درمیانہ سطح کے سیلاب کا خطرہ ہونے کا الرٹ دیا ہے۔ اس کے ساتھ منگل تک ریاست کے مختلف مقامات پر زوردار بارش، آندھی اور گرج کے ساتھ بارش کا ’یلو الرٹ‘ بھی جاری کیا ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ایس ای او سی) کے ذریعہ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق شملہ ضلع کے ہاٹکوٹی اور سرمور ضلع کے پانوٹا صاحب کے درمیان قومی شاہراہ 707 کے رخنہ انداز ہونے کے علاوہ سرمور میں 55 سڑکیں، شملہ میں 23، منڈی اور کانگڑا میں 10-10، کلو میں 9، لاہول اسپیتی اور اونا ضلعوں میں 1-1 سڑکیں بند ہیں۔ ایس ای او سی نے بتایا کہ ریاست میں 427 بجلی فراہمی منصوبے بھی رخنہ انداز ہوئے ہیں۔
اس دوران سرمور، بلاس پور اور منڈی ضلع کے کچھ حصوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ اتوار شام سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے کئی مقامات پر درمیانہ درجہ کی بارش درج کی گئی۔ ریاست میں سرمور ضلع کا ناہن سب سے زیادہ بارش والا مقام رہا جہاں 143.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ اس کے بعد نینا دیوی میں 130 ملی میٹر، پچھاد میں 83 ملی میٹر، پانوٹا صاحب میں 72.6 ملی میٹر، دھولاکنواں میں 66 ملی میٹر، کٹولا میں 55.1 ملی میٹر، کٹولا میں 55.1 ملی میٹر، سندر نگر میں 46.2 ملی میٹر، پنڈوہ میں 34 ملی میٹر، چمبا میں 33 ملی میٹر، بھرمور میں 32 ملی میٹر اور پالم پور میں 30 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
واضح رہے کہ ہماچل پردیش میں 27 جون کو مانسون کی آمد کے بعد سے اب تک بارش میں 23 فیصد کی کمی آئی ہے اور ریاست میں 623.9 ملی میٹر اوسط کے مقابلے 482.1 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ افسران نے بتایا کہ اس سال بارش سے جڑے واقعات میں 151 افراد مارے گئے ہیں اور ریاست کو 1265 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے 12 ریونیو اسٹیٹ میں سے 11 میں کم بارش درج کی گئی اور صرف شملہ ضلع میں 10 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔