آئین خطرے میں،ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش اپوزیشن کا مودی حکومت پر پُرتشدد قوم پرستی پھیلانے کا الزام

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 26th June 2019, 11:18 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،26؍جون(ایس او نیوز؍یو این آئی) اپوزیشن نے مودی حکومت پر پُرتشدد قوم پرستی پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آج آئین خطرے میں ہے - صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر مباحثے کے دوران لوک سبھا میں منگل کو ترنمول کانگریس کی مہوآ موئترا نے کہا کہ آج آئین خطرے میں ہے - ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے - انہوں مرکزی حکومت پر پُر تشدد قوم پرستی اور ہجوم پر مشتمل نیشنلزم پھیلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک کو ایک رکھنے کی بجائے تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے - انہوں نے کہا کہ جو لوگ50 سال سے ملک میں رہ رہے ہیں ان سے ہندوستانی ہونے کی سرٹی فکیٹ کے طور پر‘کاغذ کا ایک ٹکڑا’مانگا جا رہا ہے -2014کے مقابلے میں 2019 میں نفرت سے متاثر ہوکر جرائم کی تعداد میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے - انہوں نے کہا کہ گذشتہ عام الیکشن جھوٹ اور‘فیک نیوز’کے دم پر لڑا گیا- عوام کو فرضی دشمن کا ڈر دکھا کر قومی سلامتی کو بڑا مسئلہ بنایا جا رہا ہے اور فوج کے کارناموں کو ایک شخص اپنے نام کرنا چاہتا ہے -محترمہ موئترا نے الزام عائد کیا کہ حزب اقتدارکے افراد کو یہ بھی برداشت نہیں ہوتا کہ کوئی ان سے سوال پوچھے - آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے بدرالدین اجمل نے ملک میں بڑھنے والے ماب لنچنگ کے واقعات کا ذکر کیا- انہوں نے تین طلاق کے مسئلے کو اسلام اور قرآن پر چھوڑ دینے کی اپیل کی- جے ڈی ایس کے پرجول ریونا نے کرناٹک حکومت کو سب سے بدعنوان حکومت کہے جانے پر تنقید کی- عام آدمی پارٹی کے بھگونت مان نے پنجاب میں زیر زمین پانی کی سطح کا مسئلہ اٹھایا-ڈی ایم کے، کے دیاندھی مارن نے کہا کہ بی جے پی حالیہ لوک سبھا الیکشن اپنے دم پر نہیں بلکہ دوسری پارٹیوں کی کمزوری کی بدولت جیتی ہے -انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں آبی وسائل اور پانی کے مسئلے کا ذکر آیا ہے -نیتی آیوگ کی رپورٹ کے مطابق2030تک40فیصد افراد کو پینے کا صاف پانی بھی مہیا نہیں ہوگا- دہلی، چنئی اور بنگلور سمیت 21شہروں میں 2020تک زیر زمین پانی ختم ہو جائے گا- انہوں نے تمل ناڈو حکومت پر ریاست میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں کوئی کوشش نہ کرنے کا الزام عائد کیا-اور کہا کہ پانی کا مسئلہ بے حد اہم ہے اور اس سلسلے میں تملناڈو کے افراد پریشان ہیں - انہوں نے مرکزی حکومت سے تملناڈو کے اسکولوں میں ہندی کو نہ تھوپنے کی اپیل کی-تیلگودیشم پارٹی کے جے دیو گلَّا نے کہا کہ آج ملک میں دوبارہ ایمرجنسی جیسی صورتحال بن گئی ہے - حکومت الیکشن کمیشن کا غلط استعمال کر رہی ہے - وہ ٹی ڈی پی کو بھی توڑنے کی کوشش کر رہی ہے - انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی یہ چاہتی ہے کہ تمام پارٹیاں ختم ہوجائیں اور سب بی جے پی میں شامل ہوجائیں - کیا اس کے”سب کا ساتھ“کا یہی مطلب ہے - گلا نے کہا کہ حکومت کے سابق معاشی صلاح کاراروند سبرامنیم بھی کہہ چکے ہیں کہ گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے اعدادو شمار ڈھائی فیصد تک بڑھا کر پیش کیے گئے - گذشتہ سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو گھٹ کر5.8فیصد رہ گئی ہے - حکومت نے بے روزگاری کے اعدادوشمار کو دبائے رکھا- اس سے ایسی صورتحال بنی ہے کہ کسی بھی اعدادو شمار پر یقین نہیں کیا جا سکتا- انہوں نے کمیٹی بناکر تمام اعدادو شمار کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اعدادوشمار کی بنیاد پر درست پالیسی نہیں بنائی جاسکتی-نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی نے جموں کشمیر میں فوراً اسمبلی انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں جمہوریت کا بول بالا ہے لیکن اس ریاست میں منتخب حکومت نہیں ہے - مسعودی نے لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ صدر کے پورے خطاب میں کشمیر مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس عملی اقدام کا کوئی ذکر نہیں ہے - انہوں نے کہا کہ اس کے لیے سبھی متعلقہ فریقوں سے نتیجہ خیز مذاکرہ کیا جائے - مسعودی نے کہا کہ حکومت کاایک طرف بڑے حلقے کے ساتھ کہہ رہی ہے کہ اس نے ریاست میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کامیابی سے کروائے ہیں لیکن اسمبلی کے انتخابات کو کسی نہ کسی بہانے ٹالنے کی کوشش کرہی ہے - انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پہلے انتخابی حلقوں کی حد بندی کی بحث چھیڑ دی گئی ہے - کانگریس کی پرینیت کور نے پنجاب میں زرعی شعبے کی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہاں زیر زمین پانی کی سطح بہت نیچے چلی گئی ہے - انہوں نے کسانوں کے لیے ایک مشت قرض معافی کا پروگرام نافذ کرنے کے لیے مرکز سے تعاون کرنے کی اپیل کی- انہوں نے پٹیالہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کا مطالبہ کیا-انہوں نے کہا کہ پنجاب ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑا رہا ہے - اب وقت آگیا ہے کہ ملک پنجاب کے ساتھ کھڑا ہو- انہوں نے پٹیالہ مورنگ شاہراہ کو فور لائن کرنے اور سرحدی علاقوں کی ترقی پر توجہ دیے جانے کی ضرورت ظاہر کی- کیرلا کانگریس (منی) کے تھامس چاجھی کدم نے ملک کے بڑے ماہرین معاشیات کے عہدے چھوڑنے کی بات پر تشویش ظاہر کی- انہوں نے نمامی گنگے پروگرام کے ساتھ کیرلا کی ویمبناڈ جھیل کے تحفظ اور صفائی کا مطالبہ کیا-جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے وجے کمار ہنسدا نے ملک میں جاری پانی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پر قابو پانے کے لیے وسیع پیمانے پرحل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے - انہوں نے تین طلاق کے واقعات پر پابندی عائد کرنے کے لیے بل لانے کی مخالفت کی-

ایک نظر اس پر بھی

مغربی بنگال: پہلے مرحلہ میں تشدد کے بعد الیکشن کمیشن نے سنٹرل فورس کی 303 کمپنیاں تعینات کرنے کا کیا فیصلہ

لوک سبھا انتخاب کے پہلے مرحلہ کی پولنگ 19 اپریل کو اختتام پذیر ہو گئی۔ اس دوران مغربی بنگال میں کچھ مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے۔ اس کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ میں سیکورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ کے ...

شراب پالیسی معاملہ: عدالت نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھا

راجدھانی دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ دہلی شراب پالیسی معاملہ میں درج بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں عام آدمی پارٹی (عآّپ) کے رہنما منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ ...

کیرالہ میں مودی حکومت پر برسیں پرینکا گاندھی۔ کہا؛ جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قوانین بنانے میں لگا ہے مرکز

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کیرالہ میں انتخابی مہم چلاتےہوئے مودی حکومت پر برس پریں اور کہا کہ مرکزی حکومت جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر نئے قوانین بنانے میں لگا ہے۔ یاد رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد اب دوسرے مرحلے کے لیے 26 اپریل کو ووٹ ڈالے ...

حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مغربی اتر پردیش میں ’انڈر کرنٹ‘ کے دعوے کے ساتھ کانگریس نے وزیر اعظم سے پوچھے تین سوالات

وزیر اعظم مودی آج اترپردیش میں بی جے پی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے دورے کے موقع پر کانگریس نے مودی حکومت کے خلاف مغربی اترپردیش میں حکومت کے خلاف ’انڈرکرنٹ‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے تین سوالات کیے ہیں۔ یہ تینوں سوالات وزیر اعظم کے دعووں اور اترپردیش کے ...

کیجریوال کی بیماری کا مذاق اڑایا جا رہا، گہری سازش رچی جا رہی! سنجے سنگھ نے بی جے پی پر لگائے الزامات

دہلی شراب پالیسی معاملہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں جیل میں قید دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی صحت کو لے کر راجدھانی دہلی کے سیاسی حلقوں میں جمعرات سے ہی الزامات اور جوابی الزامات لگائے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ جمعہ کو صبح عام آدمی پارٹی کے رکن ...