بھٹکل 17/مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور بحر عرب میں غرق ہوکر ایک سیاح لاپتہ ہوگیا، جبکہ اس کے دیگر چار ساتھیوں کولائف گارڈس کے اہلکار بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ لاپتہ سیاح کی شناخت ضلع چامراج نگر کے گُنڈل پیٹ تعلقہ کے رہائشی مہادپّا (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
مرڈیشور پولس نے بتایا کہ گُنڈل پیٹ کے پانچ سیاح آج اتوار صبح مرڈیشور پہنچے تھے، صبح مندر میں پوجا پاٹ کی، دوپہر تین بجے واپس جانے کا ارادہ تھا کہ کسی نے سمندر میں جاکر نہانے کی خواہش ظاہر کی اور پانچوں دوپہر تین بجے سمندر میں نہانے کے لئے اُتر گئے، اسی دوران پانچوں سمندری موجوں میں آکر غوطے کھانے لگے، انہیں غوطہ کھاتے دیکھ کر لائف گارڈ کے اہلکار ان کی مدد کو پہنچ گئے، مگر اس دوران مہادیوپا سمندری موجوں کی زد میں آکر لاپتہ ہوگیا۔ جن چار لوگوں کو لائف گارڈ کے اہلکار صحیح سلامت کنارے واپس لانے میں کامیاب ہوئے ، اُن کی شناخت سدا راجو، یوگیش، ہریش اور روی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پانچوں لوگ گُنڈل پیٹ میں مزدوری کرتے ہیں، کوئی آٹو ڈرائیور ہے تو کوئی دیگر چھوٹی موٹی مزدوری کرنے والے لوگ ہیں، سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والا مہادیوپا کسی ہوٹل میں ملازم تھا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ غرق ہونے والے سیاح کی تلاش جاری ہے۔