بنگلور میں غریبوں کے لئے ایک لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے: وزیر اعلیٰ کمار سوامی
بنگلور،و28؍فروری(ایس او نیوز) ریاستی حکومت جلد ہی بنگلور شہر میں غریب افراد کے لئے ایک لاکھ مکانات تعمیر کرے گی، جس کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بتایا ہے کہ اب تک 48,000 آن لائن درخواستیں وصول کی جا چکی ہیں۔مہا لکشمی لے آؤٹ اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے اس موقع کو غنیمت جان کر ریاستی وزیر اعلیٰ نے بنگلور شہر کی سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی سے متعلق اپنی حکومت کے منصوبوں کو تفصیل کے ساتھ بیان کر دیا۔انہوں نے 23,000 کروڑ روپئے کے مضافاتی ریل منصوبہ کا ذکر کیا، 17,000 کروڑ روپئے کے پیری فیرل رنگ روڈ اور 24,000 کروڑ روپئے کے ایلی ویٹڈ کاریڈار منصوبہ کو بھی بیان کیا۔اس موقع پر کمار سوامی نے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ بھی کیا اور کہا کہ مودی کے بر خلاف وہ جھوٹے وعدے نہیں کر تے،مرکزی حکومت کی کسان سمان یوجنا کا مذاق اڑاتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ مودی نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران کبھی کسانوں کے بارے میں بات نہیں کی اور اب اچانک انتخابات سے قبل ان کی فلاح و بہبود کی فکر انہیں لاحق ہو گئی ہے۔کمار سوامی نے مختلف مشترکہ منصوبوں میں اور بالخصوص دیہی علاقوں میں روز گار سے متعلق مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے ذریعہ خرچ کی جانے والی رقم کے درمیان تقابل بھی کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں ریاستی نے حکومت دودھ دوہنے والی دیہی خواتین کی بہبودی کے لئے 2,500 کروڑ روپئے فراہم کئے ہیں اور اسی طرح کسانوں کو آئی پی سیٹ حاصل کرنے کے لئے 11,500 کروڑ روپئے فراہم کر رہی ہے وہیں وزیر اعظم نے ملکی سطح پر کسانوں کے لئے صرف 6,000 کروڑ روپئے کا اعلان کیا ہے۔