میں اپنی سرکاری رہائش گاہ کو اکتوبر کے اواخر تک خالی کروں گا: عمر عبداللہ
سری نگر،9؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے سری نگر کے ہائی سیکورٹی زون 'گپکار' میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ کو رضاکارانہ طور پر اکتوبر کے اواخر تک خالی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں میرے نام کوئی نوٹس جاری نہیں کیا ہے بلکہ میں خود ایسا کررہا ہوں۔
عمر عبداللہ نے بدھ کی صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'جموں و کشمیر انتظامیہ کے نام میرا مکتوب۔ میں سری نگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ کو ماہ اکتوبر کے اواخر تک خالی کروں گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میڈیا میں سال گزشتہ کی خبروں کے مطابق مجھے سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے لئے نوٹس ارسال کیا گیا ہے، اس کے برعکس میں خود ایسا کر رہا ہوں'۔
انہوں نے محکمہ اسٹیٹس و خاطر تواضع کے ایڈمنسٹریٹو سکریٹری کے نام اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ کچھ ماہ قبل جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ کے اختیارات میں لائی جانی والی تبدیلی کے پیش نظر مجھے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر بیٹھے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ میری سیکورٹی اور دوسرے امور کی الاٹمنٹ کو باقاعدہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔
موصوف نے کہا کہ یہ ایک ایسی صورتحال ہے جو نا قابل قبول ہے میں نے آج تک کبھی کسی ایسی سرکاری املاک پر قبضہ نہیں کیا ہے جس کا میں مستحق نہیں تھا۔ انہوں نے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ 'میں آپ کو مطلع کرتا ہوں کہ میں نے متبادل رہائش گاہ کی تلاش شروع کی ہے۔ لیکن کورونا کے پیش نظر کام طول پکڑ رہا ہے۔ لگتا ہے کہ آٹھ سے دس ہفتوں میں متبادل رہائش گاہ انتظام ہو جائے گا اور میں گپکار روڈ پر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ کو آپ کے سپرد کروں گا'۔