جس جگہ رہائش نہیں ہو گی، ووٹر لسٹ میں وہاں سے نام خارج کیا جائے گا؛ اُڈپی میں الیکشن آفسر نے دی ہدایت
اڈپی5/فروری (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں ووٹر لسٹ کا جائزہ لینے والے آفیسر مونیش موڈگل نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ جن لوگوں کے نام دو دو جگہوں سے ووٹر لسٹ میں درج ہیں ان کے نام اس جگہ سے خارج کردئے جائیں جہاں پر ووٹر کی رہائش نہیں ہے۔
ایک خاص سافٹ ویئر کے ذریعے ووٹر لسٹ میں نام کے ساتھ فوٹو دیکھ کر ایسے ووٹروں کی نشاندہی کرنا الیکشن کمیشن کے لئے اب آسان ہوگیا ہے۔ نشاندہی کے بعد یہ فہرست بوتھ لیول آفیسر کو دی جاتی ہے کہ وہ اس شخص کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے بعد تصدیق(فزیکل ویری فکیشن) کرے۔اس ویری فکیشن کے دوران اس مقام سے ووٹر کا نام خارج کردیا جائے گا جہاں پر اس کی موجودہ رہائش نہیں ہے۔
مونیش موڈگل آئی اے ایس ہیں اور وہ سروے، رہائش(سیٹلمنٹ) اور لینڈ ریکارڈس کے کمشنراور بھومی اینڈ یوپی او آر کے بلحاظِ عہدہ ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ سیاسی پارٹیوں کے اعتراضات کو دھیان میں رکھتے ہوئے غلطیوں سے پاک ووٹرلسٹ تیار کرنے کا کام انجام دے۔ ووٹرلسٹ پر نظر ثانی کرتے وقت الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ اگر کسی بھی مقام پر کسی قسم کی کمی بیشی نظر آتی ہے تو پھر بوتھ لیول آفیسر کو متعلقہ مقام پر پہنچ کر اس تعلق سے تصدیق کرلینا چاہیے۔