پی ایف آئی پر پابندی عائد کرنے کے بعد بھٹکل میں پی ایف آئی لیڈران کے گھروں پر چھاپہ ؛ کاغذات اور دیگر دستاویزات کی جانچ

بھٹکل 28 ستمبر (ایس او نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی عائد کرنے کے بعد آج بھٹکل میں پی ایف آئی لیڈران کے گھروں پر تعلقہ انتظامیہ نے چھاپہ مارتے ہوئے کاغذات کی جانچ کی اور ضروری معلومات حاصل کیں۔
بھٹکل کے موسیٰ نگر میں واقع پی ایف آئی ضلعی صدر عبدالکریم کے کرائے کے مکان پر سرچ وارنٹ کے ساتھ پہنچی پولس نے گھر کے اندر پائے گئے کاغذات اور دیگر دستاویزات کی جانچ کی۔ اس موقع پر عبدالکریم گھر پر موجود نہیں تھے۔ اسی طرح حنیف آباد میں سلمان نامی پی ایف آئی لیڈر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا اورکاغذات، دستاویزات اور گھر کے اندر پائے گئے کتابوں کی جانچ کی گئی۔ سلمان بھی اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی، تحصیلدار ڈاکٹر سومنت، ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا، ٹاون سرکل پولس انسپکٹر دیواکر، مضافاتی سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک ، پی ایس آئی بھرت سمیت دیگر پولس اہلکار موجود تھے۔ دو ٹیموں پر مشتمل ٹیموں نے بدھ شام قریب ساڑھے چھ بجے بیک وقت دونوں کے گھروں پر پہنچ کر چھاپہ مارتے ہوئے چھان بین کی۔ پتہ چلا ہے کہ اُترکنڑا ایس پی ڈاکٹر سُمن پنیکر کی ہدایت پر یہ کاروائی کی گئی۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع اُترکنڑا کے سرسی میں بھی پی ایف آئی لیڈر عبدالغفار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے اور ضروری معلومات حاصل کی گئی ہے اور گھر پر پائے گئے کاغذات اور دستاویزات کی جانچ کی گئی ہے۔