ہمارے صبر کا امتحان لینے کی غلطی کوئی نہ کرے: آرمی چیف
نئی دہلی،15/جنوری (آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی اور چین کے سرحد پر تناؤ کے درمیان آج آرمی ڈے منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم مودی اور دیگر سابق فوجیوں نے ملک کے فوجیوں کی بہادری کو سلام پیش کیا۔ یوم آرمی کے موقع پر آرمی چیف جنرل منوج مکند نارونے چین کو ٹوک جواب دیا ہے کہ کسی کو بھی ہندوستان کے صبرکا امتحان لینے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلوان میں اپنی جانیں گنوا دینے والے فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔آرمی چیف جنرل منوج مکند نارونے نے اپنے بیان میں کہا کہ چین کے ساتھ موجودہ تناؤ کے بارے میں آپ سبھی جانتے ہیں۔سرحد پر یک طرفہ طور پر جمود کو تبدیل کرنے کی سازش پرہندوستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں شہریوں کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وادی گلوان میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ہم اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہیں۔ ہندوستان کے صبر کا امتحان لینے کی غلطی کسی کو بھی نہیں کرنی چاہیے۔