ساحلوں پر’لائف گارڈز‘نہیں ہیں تعینات ۔ سمندرکی موجوں سے کھیلنے والے رہیں محتاط !

Source: S.O. News Service | Published on 23rd September 2020, 8:15 PM | ساحلی خبریں |

کاروار،23؍ستمبر(ایس او نیوز) شمالی کینرا کا ساحلی علاقہ سیاحوں اور شام کے وقت تفریح کرنے والوں کے لئے بڑی کشش رکھتا ہے۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ کاروار کے ٹیگور ساحل کو چھوڑیں تو بقیہ پورے علاقے میں سمندر کی موجیں بہت تیز ہوتی ہیں۔ پھر جب موسم مانسون کا ہوتو ا س میں اچھال اور جوش بہت خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے، جو موجوں سے لطف اٹھانے یا پھر تیرنے کے لئے سمندر میں اترنے والوں کے لئے اکثر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

کاروار کے علاوہ گوکرن اور مرڈیشور کا ساحل مقامی افراد سے زیادہ سیاحو کے لئے زبردست کشش رکھتا ہے۔ روزانہ ہزاروں افراد ساحلی کنارے پر تفریح کرتے یا سمندر کی موجوں سے کھیلتے نظر آتے ہیں۔بیرونی ممالک یا ملک کی دیگر ریاستوں سے سیر وتفریح کے لئے ان ساحلوں پر پہنچنے والے لوگ جب سمندر کی اچھلتی لہریں دیکھتے ہیں تو ایک جوش اور جذبہ ان کے اندر ابھرتا ہے اوروہ خطرے کی پروا کیے بغیر سمندر کی طرف لپکتے ہیں اور اکثر وبیشتر پلک جھپکتے میں لہریں کسی کو گھسیٹ لے جاتی ہیں  اور پھر ساحل پر موت کا سوگوار سناٹا چھا جاتا ہے۔ 

لاک ڈاؤن میں ڈھیل دئے جانے کے بعد سے ساحلی علاقوں میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ دھیرے دھیرے تیز ہوتا جارہا ہے۔ اسی کے ساتھ چونکہ گزشتہ ہفتہ عشرہ سے طوفانی ہواؤں اور موسلادھار برسات کا موسم ہے ، اس لئے سمندر میں لہریں بے قابو ہوگئی ہیں۔ایسے موسم میں بھی خطرے کی پروا کیے بغیر موجوں سے لطف اٹھانے  کی کوشش کتنی مہنگی ہوسکتی ہے اس کا اندازہ اس با ت سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یعنی 22ستمبر تک ضلع کے ساحلی علاقے میں سمندر میں ڈوبنے کی وجہ سے   5افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اس معاملے میں ایک تشویشناک پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس وقت ان ساحلوں پرڈوبنے والوں کی جان بچانے کی ذمہ داری نبھانے والے  ’لائف گارڈز‘ کی تعیناتی  نہیں ہورہی ہے۔ دراصل لائف گارڈز کو تعینات کرنے کاکام ڈسٹرکٹ  ٹورازم ڈیولپمنٹ  کمیٹی کی طرف سے کیا جاتا ہے۔ اس کی کمیٹی کی آمدنی اب بند ہوجانے کی وجہ سے لائف گارڈز تعینات نہیں کیے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ ہر سال ساحلی سمندرمیں  ڈوبنے کی وجہ سے ہونے والی سیاحوں کی ا موات  میں اضافہ دیکھتے ہوئے 2016سے لائف گارڈز تعینات کرنے کا سلسلہ شروع ہواتھا۔ اس طرح کاروار میں 3، گوکرن اور اس کے قریبی ساحلوں پر جملہ 21اور مرڈیشور میں  7افراد کو لائف گارڈز کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔اس کے بعد سمندر میں ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد میں اچھی خاصی کمی آئی تھی۔ان پانچ برسوں کے دوران ضلع کے مختلف مقامات پر لائف گارڈز نے 80 سے زیادہ افراد کو ڈوب کر ہلاک ہونے سے بچالیاتھا۔

مگر کورونا کے بعد سیاحوں کی کمی نے ٹورازم ڈیولپمنٹ کمیٹی کی آمدنی کو بھی متاثر کیا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ ہر لائف گارڈ کو ماہانہ 11ہزار روپے تنخواہ ادا کرنے کے لئے کمیٹی کے پاس فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے لائف گارڈ ز کی تعیناتی روک دی گئی ہے۔ اس لئے  ساحل سمندر پر سیر وتفریح کے لئے جانے والوں کے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ اپنی جان کی حفاظت  کے پیش نظر خود ہی احتیاط برتیں اور سمندری لہروں کےجو ش کو دیکھتے ہوئے اپنے ہوش نہ کھو بیٹھیں جس کانتیجہ ہلاکت خیز ہوسکتا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔