گروگرام میں آج بھی نماز پڑھنے کے خلاف احتجاج، پولیس نے کئی لوگوں کو حراست میں لیا
گروگرام،3 ؍دسمبر (آئی این ایس انڈیا) گروگرام میں نماز کی ادائیگی کو لے کر احتجاج جاری ہے۔ گروگرام کے سیکٹر 37 میں نماز کے مقام پر مسلم کمیونٹی کے لوگ جمع تھے۔ وہاں کے لوگ نماز پڑھنا چاہتے تھے۔ اسی دوران کچھ لوگ وہاں پہنچ گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہاں لوگوں نے جئے شری رام کے نعرے بھی لگائے۔ کچھ دیر تک افراتفری کا ماحول رہا۔ قرب وجوار کے دیہات کے لوگوں نے سیکٹر 37 تھانے کے باہر نماز پڑھنے والی کی جگہ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اس کھلی جگہ میںٹرک کھڑے کئے گئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس ٹرک کو کہیں اور پارک کرنے کی جگہ نہیں ہے۔ پولیس کی بڑی ٹیم موقع پر موجود رہی۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔ پولیس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ غور طلب ہے کہ ہریانہ کے گروگرام میں پہلے سے ہی ہندو تنظیمیں کھلے میں ہونے والی نماز کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔