ذات پر مبنی مردم شماری کے حق میں ہیں نتیش کمار، پی ایم مودی کو جلد لکھیں گے خط
پٹنہ، 31؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو ایک ملاقات کے دوران یقین دلایا کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھیں گے اور ساتھ ہی قانونی طریقے پر بھی غور کریں گے۔ نتیش کمار نے جمعہ کو اسمبلی واقع اپنے چیمبر میں ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے مطالبے کو لے کر ملنے آئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر اپوزیشن لیڈران سے کہا کہ ’’میں بھی اس کا حامی ہوں۔ ابھی میں دہلی جا رہا ہوں اور دہلی سے لوٹنے کے بعد 2 اگست کو میں وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس پر غور کرنے کی درخواست کروں گا۔‘‘
وزیراعلیٰ سے مل کر لوٹنے کے بعد اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ”وزیراعلیٰ سے ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں ہماری بات چیت ہوئی ہے۔ ہم لوگوں نے ان سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی ہے کہ مرکزی حکومت پر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے لیے دباﺅ ڈالیں۔‘‘ انہوں نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ ان کی قیادت میں ایک کل جماعتی وفد اس مسئلے پر وزیر اعظم سے ملے اور اس ملاقات کے لیے وہ وزیراعظم سے وقت مانگیں۔
تیجسوی یادو نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سے انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مرکزی حکومت اس کے لیے تیار نہیں ہوتی ہے تو بہار حکومت بھی کرناٹک کی طرح ہی خود اپنے خرچ سے ذات پر مبنی مردم شماری کرائے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ اس سے متعلق پوری معلومات حاصل کر کے جو بھی قانونی طریقہ ہوگا اس پر غور کریں گے۔
اس دوران اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ پسماندوں اور انتہائی پسماندوں کی بھی مردم شماری ہونی چاہئے۔ اس طرح کی مردم شماری ہونے سے سبھی لوگوں کا فائدہ ہوگا۔ حکومت کو عوامی فلاح کے لیے بجٹ کی تجویز کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ اس سے لوگوں کو بھی پتہ چلے گا کہ ان کی ذات کی کتنی آبادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کے مفاد میں ہے۔