کورونا وائرس وباء:ضلع جنوبی کینرا میں پھرایک تازہ معاملے کے ساتھ متاثرین کی تعداد ہوگئی 9
منگلورو،2؍اپریل (ا یس او نیوز) پتور تعلقہ کے آریا پور گاؤں سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جو بیرونی ملک سے واپس لوٹا تھا اُس کے اندر کورونا وائرس پوزیٹیو نکلنے کے بعد ضلع جنوبی کینرا میں متاثرین کی تعداد 9؍ہوگئی ہے۔
معلوم ہو ا کے تقریبا49؍سال عمر کا یہ شخص دبئی سے 20؍مارچ کو بنگلورو ہوئی اڈے پر اترا تھا۔ وہاں سے پرائیویٹ ٹیکسی کے ذریعے اپنے گاؤں آریا پور آیا تھا۔ ضلع ڈپٹی کمشنر کے بیان کے مطابق 28؍مارچ کو گلے میں تھوڑا سا درد محسوس ہونے پر پتور جنرل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ وہاں سے گلے کے تھوک کا نمونہ جانچ کے لئے بھیجا گیا جس کی رپورٹ یکم اپریل کوپوزیٹیو آئی ہے۔اس وقت ضلع جنوبی کینرا میں موجود 9؍ مریضوں میں 4؍ مریض اسی ضلع کے ہیں جبکہ بقیہ 5؍ میں سے ایک کا تعلق بھٹکل سے ہے اور چار مریض کاسرگوڈ کیرالہ کے ہیں۔
ضلع ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یکم اپریل کے دن ضلع بھر میں 38,373افراد کی اسکریننگ کی گئی۔ ان میں سے16؍افراد کے نمونے جانچ کے لئے روانہ کردئے گئے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف 17؍افراد کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں سے ایک شخص کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ 5,875لوگوں کو گھروں میں ہی کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ ای ایس آئی اسپتال میں 27؍مریض زیر علاج ہیں، اس کے علاوہ مزید 27؍افراد کی نگرانی کی جارہی ہے۔300مریضوں نے کوارنٹائن میں رہنے کی 28؍دن کی مدت پوری کرلی ہے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر سود نے بتایا کہ ان میں سے صرف تین معاملے پوزیٹیو نکلے ہیں۔ابھی 31؍افراد کی جانچ رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔اب تک جملہ 1766؍افراد کی جانچ کی گئی ہے۔