میڈیا ہی نہیں، این جی اوز بھی سیلف سنسرشپ پر مجبور ہیں: آئی اے رحمان

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 1st November 2018, 11:29 AM | عالمی خبریں |

اسلام آباد 31اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) آئی اے رحمان کو آج بیشتر لوگ انسانی حقوق کے رہنما کے طور پر جانتے ہیں۔ لیکن وہ بنیادی طور پر صحافی ہیں۔ پوری زندگی انھوں نے اظہار کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ وہ کئی عشروں تک پرنٹ میڈیا سے وابستہ رہے اور ’پاکستان ٹائمز‘ کے ایڈیٹر رہے۔ تین کتابیں بھی تصنیف کیں۔ گزشتہ تین عشروں سے وہ انسانی حقوق کمیشن کے ڈائریکٹر ہیں اور اپنی خدمات کے اعتراف میں کئی عالمی ایوارڈ سے نوازے جا چکے ہیں۔

میں نے آئی اے رحمان سے پوچھا کہ ان کا میڈیا سے گہرا رشتہ رہا ہے۔ آج کل پاکستان میں میڈیا کس حال میں ہے؟

آئی اے رحمان نے کہا کہ ’’پاکستان میں میڈیا کی صورتحال خاصی خراب ہوگئی ہے۔ مختلف قسم کی غیر قانونی پابندیاں لگی ہوئی ہیں۔ کئی علاقوں میں اخبارات تقسیم نہیں ہونے دیتے۔ صحافیوں کو ان کے فرائض انجام دینے سے روکا جاتا ہے۔ الیکٹرونک میڈیا پر پروگرام چل رہا ہوتا ہے کہ درمیان میں ہدایت آجاتی ہے۔ نہایت منظم طریقے سے سوچ پر پابندی لگائی جارہی ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’حکومت نے ایک مسودہ تیار کیا ہے کہ وہ پرنٹ میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے نیا قانون لانا چاہتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میڈیا پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور یہ اچھی بات نہیں ہے۔ ملک بحران میں ہے اور اس بحران سے نکلنے کے لیے اظہار کی آزادی بہت ضروری ہے۔ ورنہ آپ کو متبادل رائے نہیں ملے گی اور آپ غلطیوں کا شکار ہوجائیں گے‘‘۔

میں نے بے اختیار سوال کیا کہ میڈیا پر پابندیاں لگ رہی ہیں تو انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں؟

آئی اے رحمان نے بتایا کہ ’’میڈیا پر پابندیاں لگانے والوں کی جانب ہی سے یہ بندوبست بھی کیا جارہا ہے کہ ملک میں سول سوسائٹی کی کوئی تنظیم نہ رہے۔ بین الاقوامی این جی اوز کو حکم دیا گیا ہے کہ اپنا سامان باندھیں اور یہاں سے چلے جائیں۔ مقامی تنظیموں کا ناطقہ بند کیا جا رہا ہے۔ نئی تنظیموں کی رجسٹریشن نہیں کی جا رہی۔ پرانی تنظیموں کی رجسٹریشن کی تجدید نہیں کی جا رہی۔ انھیں آزادانہ کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ آپ نے انسانی حقوق کی تنظیموں کا ذکر کیا۔ اور بھی تنظیمیں ہیں جو احتجاج کرسکتی ہیں لیکن وہ سب حالات سے مجبور ہوکر خاموش ہوگئی ہیں یا خاموش کر دی گئی ہیں۔ یہ سیلف سنسرشپ، یعنی خود ہی خاموش ہوجانا ایسی بیماری ہے جو پاکستان میں پھیل گئی ہے۔ میڈیا والے بھی سیلف سنسرشپ پر مجبور ہیں اور این جی اوز بھی اپنی سلامتی اسی میں دیکھ رہی ہیں کہ خاموش ہوجائیں‘‘۔

میں نے دریافت کیا کہ ایوب خاں، ضیا الحق اور پرویز مشرف کے خلاف جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعتیں کہاں ہیں؟

آئی اے رحمان نے کہا کہ ’’وہ معاملہ ختم ہوچکا کہ کون ضیا الحق کے ساتھ تھا اور کون ضیا الحق کے خلاف تھا۔ وہی لوگ ہیں جو وردی بدل کر اور کپڑے بدل کر کبھی اس جماعت میں ہیں اور کبھی اس جماعت میں ہیں۔ اب حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ ہماری سیاست میں ایسی کھچڑی پک گئی ہے کہ کل آپ کیا تھے اور آج کیا ہیں، اس بارے میں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پاکستان کا یہ دور اچھا نہیں ہے اور مستقبل میں مشکلات میں اضافہ ہوگا‘‘۔

 

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...