کرناٹک میں ہوٹل اور شاپنگ مال کیلئے نئے رہنما خطوط جاری
بنگلورو،16؍ جون (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ہوٹل اور ریسٹوران کھولے گئے ہیں جس کے بعد بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے ( بی بی ایم پی ) نے ہوٹل صنعت اور شاپنگ مالس کے لئے نئے رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔
بی بی ایم پی کمشنر انیل کمار نے بتایا کہ نئے رہنما خطوط کے مطابق سماجی دوری اختیار کرنا سینی ٹائزر ، پارکنگ کے لئے عارضی پابندی، کل رقبہ میں صرف نصف حصہ پر عوام کو شریک ہو نے کی اجازت شامل ہے۔ تمام شعبوں میں چند پابندیوں کے ساتھ کاروبار کی اجازت دی گئی ہے لیکن کسی بھی کنٹین منٹ زون میں ہوٹل کھولنے کی اجازت نہیں ہے اسی طرح 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد ، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے طبی جانچ کے سوا حکومت کی تمام ہدایات ہوٹلوں پر لوگ ہوں گے۔
اطلاع کے مطابق ہوٹل اور ریسٹوران میں زیادہ افراد جمع نہیں ہوسکتے ۔ بچوں کے کھیلنے کی جگہ اور مالس کے سنیما گھروں کو کسی بھی حالت میں کھولا نہ جائے ، کم سے کم 6 فیٹ کی دوری اختیار کی جائے اور ماسک لازمی طور پر پہنا جائے۔ مالس اور ہوٹلوں میں پارکنگ، شاپنگ میں داخلہ اور باب الداخلہ میں بھی سماجی دوری کا لحاظ رکھا جائے ۔ اسی طرح ہوٹلوں میں آنے والے گاہکوں کے ہاتھ سینی ٹائزر سے دھوئے جائیں، صابن کا انتظام کیا جائے ، ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل تھرمل اسکریننگ کی جائے، بنچ ، ایلیویٹر، لفٹ وغیرہ کو صاف کیا جائے۔ نئے رہنما خطوط کے تحت فوڈ کورٹ میں کل صلاحیت سے 50 فیصد افراد کے لئے داخلہ دیا جائے اور ہر وقت ماسک لازمی طور پر پہنا جائے۔ کمشنر نے ہدایت جاری کی ہے کہ اگر ہوٹل میں کسی کو کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہو تو اسے فوراً قریبی اسپتال میں داخل کیا جائے۔