NEET امتحان ملتوی کرنے کی درخواست پرسماعت سے سپریم کورٹ کا انکار، امتحان شیڈول کے مطابق ہوگا
نئی دہلی،09/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے NEET امتحان ملتوی کرنے کی نئی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ NEET کا امتحان کچھ دن میں ہونے جارہا ہے۔
اس سے قبل امتحان کے لئے نظر ثانی کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے چھ ریاستوں کے چھ کابینہ وزرا کی نظرثانی درخواست کو بھی مسترد کردیا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہے کہ NEET امتحان 2020 اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 13 ستمبر کو ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق 11 ریاستوں کے 11 جے ای ای اور NEET طلباء نے اس سے قبل جے ای ای 2020 اور نیٹ2020 کے امتحانات ملتوی کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں نے زیادہ سے زیادہ امتحانی مراکز کا مطالبہ کیا تھا اور آمدورفت کے لیے کی سہولیات کے لیے درخواست کی تھی، وہیں نئی درخواست میں امتحانی مراکز کی تعداد بڑھانے اور NEET 2020 کو ایک سے زیادہ شفٹوں میں کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
این ٹی اے نے حال ہی میں امتحانات ملتوی کرنے کے مظاہروں کے درمیان یکم ستمبر سے 6 ستمبر تک جے ای ای مین (جے ای ای) کا امتحان منعقد کیا۔ اس امتحان میں 8 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا۔وہیں دوسری طرفNEET امتحان 13 ستمبر کو ہوگا۔ اس امتحان کے لئے 15 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے رجسٹریشن کیا ہے۔