لوک سبھا انتخابات میں جموں وکشمیرکے تقریباً80 فیصد امیدواروں کی ضمانت ضبط
جموں،26/ مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر میں لداخ پارلیمانی سیٹ کے علاوہ باقی پانچ سیٹوں پر اس انتخاب میں زیادہ تر امیدواروں کی ضمانت کی رقم ضبط ہو گئی۔یہاں تک کہ 51 امیدوار تو ایک فیصد ووٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔بی جے پی نے ریاست کی تین پارلیمانی سیٹوں جموں، اودھم پور اور لداخ میں کامیابی حاصل کی، جبکہ کشمیر وادی کی تینوں نشستوں سرینگر، اننت ناگ اور بارہمولہ میں نیشنل کانفرنس کو کامیابی ملی۔الیکشن کمیشن کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کی تمام چھ نشستوں پر 79 امیدوار میدان میں تھے، جن میں سے 63 امیدوار اپنی ضمانت کی رقم بھی نہیں بچا پائے کیونکہ وہ کل درست ووٹوں کا ضروری چھٹا حصہ (16.67 فیصد ووٹ) حاصل کرنے میں ناکام رہے۔بی جے پی امیدوار جے ٹی نامگیال کو فاتح کے طور پر منتخب کرنے والا لداخ پارلیمانی حلقہ ہی ریاست میں واحد ایسا مقام رہا جہاں باقی تین امیدوار اپنی ضمانت بچانے میں کامیاب رہے۔