مناسب وقت آنے تک افغانستان سے فوج نہیں نکالیں گے: نیٹو چیف

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 16th February 2021, 6:08 PM | عالمی خبریں |

نیویارک، 16فروری  (آئی این ایس انڈیا)مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد (نیٹو) کے سکریٹری جنرل جینز  اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ مناسب وقت آنے سے قبل افغانستان سے فوج کا انخلا نہیں کیا جائے گا۔ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹو چیف نے خبردار کیا کہ غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد افغانستان عالمی دہشت گرد تنظیموں کا محفوظ ٹھکانہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں ہماری موجودگی مشروط ہے اور کوئی بھی اتحادی ضرورت سے زیادہ وہاں رہنا نہیں چاہتا۔ تاہم ہم مناسب وقت آنے تک افغانستان سے نہیں نکلیں گے۔ نیٹو چیف کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے نیٹو میں شامل اتحادی ملکوں کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں افغانستان میں فورسز کی موجودگی اور امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

نیٹو چیف کے بقول، "ہمیں اس توازن کو یقینی بنانا ہے کہ افغانستان میں ضرورت سے زیادہ عرصہ قیام بھی نہ کیا جائے اور وہاں سے بہت جلد انخلا بھی نہ کیا جائے۔" انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مئی میں مکمل انخلاء  کی ڈیڈلائن پر عمل درآمد سے قبل طالبان کو امن معاہدے کے تحت مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس میں دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات منقطع کرنا اور اُنہیں کسی بھی قسم کی حمایت نہ دینا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ایک مشروط امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت غیر ملکی افواج کو افغانستان سے مئی 2021 تک انخلا کرنا ہے۔ اس عرصے کے دوران طالبان کی جانب سے غیر ملکی فورسز کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

معاہدے کے تحت امریکہ نے ایک سال کے دوران افغانستان سے اپنے فوجیوں کی تعداد 13 ہزار سے کم کر کے 2500 کر دی ہے۔ تاہم حالیہ کچھ عرصے کے دوران افغانستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن نے طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر نظرثانی کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ دیکھیں گے کہ آیا طالبان تشدد میں کمی کے اپنے وعدے کی پاسداری کر رہے ہیں یا نہیں۔

افغانستان میں 2001 کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکہ کی جنگ امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ ہے جس میں اس کے 2400 فوجی ہلاک اور لگ بھگ دس کھرب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔

'امن مذاکرات نازک صورتِ حال سے دوچار ہیں'

پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیٹو چیف نے طالبان کی جانب سے دشمنی کے خاتمے کے ارادے پر شکوک و شبہات کا بھی اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات انتہائی نازک صورتِ حال اختیار کر گئے ہیں اور افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جن میں طالبان کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کو لازماً تشدد کا خاتمہ کرنا ہو گا اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات اور معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ تعاون کو منقطع کرنا ہو گا۔

دوسری جانب افغان رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان امن مذاکرات سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اور وہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طاقت کے بل بوتے پر اقتدار پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

طالبان نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تمام شقوں کی پاسداری کر رہے ہیں۔

طالبان نے خبردار کیا ہے کہ اگر 29 فروری 2020 کو ہونے والا معاہدہ منسوخ کیا گیا تو یہ اقدام افغانستان میں جاری 20 سالہ جنگ میں خطرناک حد تک اضافے کا باعث بنے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔