بی جے پی میں نریندر مودی دُریودھن اور امت شاہ دُشاسن کی طرح ہیں: سابق وزیرخزانہ یشونت سنہا کا بی جے پی پر راست حملہ
سلطان پور 24/ڈسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر نشانہ لگاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو دیوریودھن اور امت شاہ کو دشاسن کے ساتھ تعبیر کیا اور کہا کہ بی جے پی جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
راجیہ سبھارکن و عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ کی تنظیم آزاد سماج سیوا سمیتی کے 23 ویں سالانہ جشن اور امرشہید خودیرام بوس کی یادمیں غریبوں کی امداد کے لئے منعقدہ پروگرام میں شرکت کرنے پہنچے سنہا نے کہا کہ بی جے پی نے جان بوجھ کر پہلے پارٹی میں جمہوریت کو ختم کیا اور اب سماج اور ملک سے جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہابھارت میں کوروؤں کا ذکر ہوتا ہے تو ہم دریودھن اور دشاسن کے علاوہ تیسرے کا ذکرنہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح بی جے پی میں وزیر اعظم نریندر مودی دریودھن اور امت شاہ دشاسن کی طرح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی آج اسی صورتحال سے گذررہی ہے۔ فی الحال یہ ملک کا مدعیٰ نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج یہ کام ملک کے ہر پائیدان پر کھڑے شہری کو کرنا پڑے گا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت محفوظ رہے۔ ملک کے عوام نے 1977 میں یہ کردکھایا ہے۔ جب بھی موقع آئے گا ہم جمہوری حقوق کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت پر خطرہ پیدا کرنےوالوں کو اقتدار سے باہر کر دیں گے۔
مزید کہا کہ میں یہاں کسی پارٹی کی بات نہیں کررہاہوں۔ کیونکہ کوئی بھی پارٹی یا کوئی بھی گٹھ بندھن ہو، آنے والے 2019 کے عام انتخابات میں بھی اگر اُن لوگوں نے یہ حرکت کی، جو آج ہورہی ہے تو اُس کے خلاف سب سے پہلی آواز سنجے سنگھ کی اور میری اُٹھے گی، ہم لوگ اُن کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔
سابق وزیر خزانہ نے سلطان پور کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی حفاظت کرنے کے لئے یہاں پھرایک شمع جلایا جانے چاہئے ۔ جمہوریت کے تحفظ کے لئے جو جدوجہد یہاں سے شروع ہوئی ہے اُس میں اہم باب سلطان پور سے جڑے تو مانوں گا کہ سنجے سنگھ نے جو سنگھرش شروع کیا ہے وہ کامیاب ہوا ہے اور ملک میں نئے اور اچھے باب کی شروعات یہاں سے ہو جائے گی۔
اس سے قبل ضلع کے سینئر ادیب کمل نین پانڈے، ایم ایل سی شیلندر پرتاپ سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ کمیٹی کے بانی اور عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے پروگرام کی نظامت کی۔ کمیٹی کے صدر اشوک سنہا نے بتایا کہ اس امدادی پروگرام میں 1200 رضائی، 500 کمبل، 20 سلائی مشین، 10 رکشا ٹھیلہ پہلے سے منتخب شدہ ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔