بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل کی بھٹکل آمد؛ آنے والے انتخابات کو لے کر کٹیل نے کہا؛ ساورکر اور ٹیپو نظریات کے درمیان ہوگا الیکشن

بھٹکل 7 فروری (ایس او نیوز) اس بار ریاستی انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے بجائے ساورکر اور ٹیپو نظریات کے درمیان ہوں گے۔ یہ بات بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر نلین کمار کٹیل نے کہی۔ شرالی میں منعقدہ بی جے پی پروگرام میں شریک ہوتے ہوئے کٹیل نے سوال کیا کہ آپ کو محب وطن ساورکرچاہئے یا جنونی ٹیپو چاہئے ؟ کٹیل نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔
بھٹکل-ہوناور اسمبلی حلقہ میں منگل کوتعلقہ کے شرالی جنتاودیالیہ میں منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے نلین کمار کٹیل نے کہا کہ 'ٹیپو کے نام پر ٹیپو جینتی منا کر ہندووں اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے والے سدارامیا نے ویرسائیوا لنگایت کے نام پر ہندو سماج کو بھی تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ اسی طرح ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کرنے والے جے ڈی یس کے ایچ ڈی کمارسوامی نے سماج کو متحد کرنے کا کام کرنے کے بجائے برہمنوں کے بارے میں تضحیک آمیز بیانات دئیے اور برہمن سماج کو تقسیم کرنے کا کام کیا۔ نلین کمار کٹیل نے کہا کہ ہندو دھرم اور ہندوتوا میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اور ہندئوں میں دو دھرم نہیں ہے۔
اس موقع پر بھٹکل رکن اسمبلی سُنیل نائک سمیت دیگر بی جے پی لیڈران بھی موجود تھے۔