3 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، تریپورہ میں 16 فروری اور ناگالینڈ و میگھالیہ میں 27 فروری کو ووٹنگ

Source: S.O. News Service | Published on 18th January 2023, 9:26 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 18؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تریپورہ میں 16 فروری کو اور ناگالینڈ و میگھالیہ میں 27 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی تینوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ بھی ہو گیا۔ تینوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کے لیے 3 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ اتوار کو میگھالیہ، ناگالینڈ اور تریپورہ ریاستوں کا چار روزہ دورہ کیا تھا۔ تریپورہ میں جہاں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے، وہیں میگھالیہ اور ناگالینڈ میں بی جے پی برسراقتدار اتحاد کا حصہ ہے۔ یعنی تینوں ہی ریاستوں میں بی جے پی حکمراں طبقہ ہے اور اس مرتبہ یہاں حکومت تشکیل دینا پارٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

آج پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ’’یہ سال کی پہلی پریس کانفرنس ہے۔ اس سال مزید انتخابات ہوں گے اور پریس کانفرنسز ہوتی رہیں گی۔ ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ میں بالترتیب 12 مارچ، 15 مارچ اور 22 مارچ کو اسمبلی کی مدت کار ختم ہو رہی ہے۔ تینوں ریاستوں میں 60-60 سیٹیں ہیں اور ان تینوں ہی ریاستوں میں خواتین کی ووٹنگ میں شراکت داری زیادہ رہی ہے۔‘‘ راجیو کمار نے یہ بھی جانکاری دی کہ ناگالینڈ میں 2315، میگھالیہ میں 3482 اور تریپورہ میں 3328 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ان میں 376 ایسے ہوں گے جو پوری طرح سے خواتین کی دیکھ ریکھ میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں 50 فیصد پولنگ بوتھ پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔

جہاں تک گزشتہ اسمبلی انتخاب کی بات ہے، میگھالیہ میں کانگریس 21 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی تھی۔ حالانکہ 60 نشستوں والی اسمبلی میں اکثریت سے یہ بہت پیچھے رہ گئی تھی۔ این پی ای کو 19، یو ڈی پی کو 6، اور دیگر کو 14 سیٹیں ملی تھیں۔ ناگالینڈ میں 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں این پی ایف نے سب سے زیادہ 26 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ این ڈی پی پی کو 18 اور بی جے پی کو 12 سیٹیں ملی تھیں، اور 4 سیٹیں دیگر کے حصے میں گئی تھیں۔ تریپورہ میں گزشتہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی 36 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی تھی اور تنہا حکومت سازی میں بھی کامیاب رہی۔ یہاں سی پی ایم کو 16 اور آئی پی ایف ٹی کو 8 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ 

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...