بھٹکل اور ساحلی کرناٹکا سمیت دنیا کےکئی خطوں میں عید قرباں مذہبی جوش وخروش مگر محتاط طور پر منائی گئی

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 31st July 2020, 11:59 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 31 جولائی (ایس اونیوز)  کورونا وائرس کے پیش نظراحتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو  یقینی بناتے ہوئے آج ہندوستان کے ساحلی علاقوں بالخصوص بھٹکل، کنداپور، اڈپی، مینگلور سمیت ریاست کیرالہ میں عید الاضحیٰ کا تیوہار مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ آج جمعہ کو خلیجی ممالک، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، قطر، امریکہ،  ترکی اور یورپ کے کئی ملکوں کے ساتھ ساتھ  افغانستان، مصر، کویت، اردن، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی  عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔

کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے مسجد الحرام ، مسجد نبوی ﷺ سمیت مختلف مساجد میں نمازِ عید کے محتاط اجتماعات منعقد کئے گئے۔  حجاج سمیت دیگر لوگوں کی خاصی  تعداد نے دوگانہ ادا کیا۔

کرناٹک میں ویسے تو عیدگاہوں میں نمازکی اجازت نہیں دی گئی ہے، لیکن بھٹکل اور ساحلی کرناٹکا میں آج صبح سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے بھی عیدگاہوں میں نماز نہیں پڑھی گئی۔ البتہ بیس سے زائد جامع مساجد میں ایک دوسرے سے کافی فاصلہ  رکھتے ہوئے اور ماسک  کے استعمال کے ساتھ  عید کی دوگانہ ادا کی گئی۔

بھٹکل بڑی جامع مسجد میں مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، خلیفہ جامع مسجد میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، نوائط کالونی تنظیم ملیہ جمعہ مسجد میں مولانا انصار خطیب مدنی، مخدوم کالونی مخدومیہ جمعہ مسجد میں مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی اور مدینہ کالونی مدینہ جمعہ مسجد میں مولانا ابوبکر صدیق خطیب ندوی نے عید کی دوگانہ پڑھائی۔

علماء نے اپنے خطبہ میں اس بات پر زور دیا کہ ہم اللہ کے حضور جانوروں کی قربانی اللہ کو راضی کرنے کے لئے دیتے ہیں، ہم کسی کو تکلیف دینے کے لئے جانور ذبح نہیں کرتے، اسی لئے مسلمانوں سے بار بار تاکید کی جاتی ہے کہ وہ دکھاوے کے لئے قربانی نہیں کریں، اللہ اور اللہ کے رسول کے بتائے ہوئے طریقے پر قربانی کریں۔  اس موقع پر  خطیب حضرات نے حضرت ابراہیم ؑ  اور حضرت اسماعیل ؑ کے واقعے کو بھی پیش کیا کہ کس طرح   آج بھی حضرت ابراہیم ؑ  کی اس یاد کو تازہ کیا جاتا ہے۔

کورونا وباء کی وجہ سے اس بار بھٹکل میں بڑے جانوروں کی شدید کمی نظر آئی، البتہ  کافی جگہوں پر لوگ بکرے خریدتے پائے گئے۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی