عازمین حج کے قدم مزدلفہ کی طرف بڑھے، وقوف مزدلفہ کے بعد منیٰ روانگی علی الصبح

Source: S.O. News Service | Published on 8th July 2022, 11:50 PM | خلیجی خبریں |

مزدلفہ،8؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) حجاج کرام کے قافلے 9 ذی الحجہ کو غروب آفتاب کے بعد مغرب کی نماز ادا کیے بغیر میدان عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ وقوف مزدلفہ حج کے واجبات میں سے ایک واجب ہے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ ادا کریں گے اور پھر رات میں مزدلفہ میں ہی قیام ہوگا۔ مزدلفہ سے وہ رمی جمار کے لیے کنکریاں چنیں گے اور سورج طلوع ہوتے ہی (یعنی علی الصبح) منیٰ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ حجاج کے لئے انتظامیہ کی جانب سے مزدلفہ میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مزدلفہ تین بڑے حج مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ منیٰ اور عرفات کے درمیان واقع ہے۔ حجاج یہاں فجر تک قیام کرتے ہیں۔ اور رمی جمرات (علامتی شیطانوں کو کنکریاں مارنا) کے لیے کنکریاں جمع کرتے ہیں اور صبح منیٰ کے لیے روانہ ہو تے ہیں۔ذی الحجہ کی 12 اور 13 تاریخ کو حجاج کرام تینوں جمرات کی رمی کریں گے۔ بعض حجاج 12 ذی الحجہ ہی کو رمی کر کے منیٰ سے رخصت ہو جائیں گے۔ جو حاجی 12 تاریخ کو آفتاب غروب ہونے سے قبل منیٰ سے نکل نہیں سکے، انھیں 13 تاریخ کو بھی کنکریاں مارنا ضروری ہوجاتا ہے۔

وقوفِ مزدلفہ کیا ہے؟

وقوف مزدلفہ کا مطلب 9 ذی الحجہ کے بعد آنے والی رات مزدلفہ میں گزار کر نماز فجر مزدلفہ میں ادا کر کے کچھ دیر قبلہ کی طرف رخ کر کے دعائیں کرنا ہے۔ اگر کوئی شخص مزدلفہ میں صبح صادق کے قریب پہنچا اور نماز فجر مزدلفہ میں ادا کر لی تو وقوف مزدلفہ کا وجوب ادا ہو جائے گا، لیکن قصداً اتنی تاخیر سے مزدلفہ پہنچنا سنت کے خلاف ہے۔ خواتین، بیمار اور کمزور لوگ آدھی رات مزدلفہ میں گزارنے کے بعد منی اپنے خیمہ میں جا سکتے ہیں۔ 9 ذی الحجہ کو غروب آفتاب کے بعد عرفات سے مزدلفہ پیدل جانے والے حجاج کرام کو اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوتا ہے کہ عرفات کی حدود سے نکلتے ہی مزدلفہ شروع نہیں ہوتا بلکہ پانچ چھ کلومیٹر کا راستہ طے کرنے کے بعد مزدلفہ کی حدود شروع ہوتی ہیں۔ مزدلفہ، عرفات اور منی کی حدود کی نشاندہی کے لیے الگ الگ رنگ کے بورڈ لگا دیے گئے ہیں کہ کہاں پر حدود شروع اور کہاں پر حدود ختم ہیں۔

مزدلفہ پہنچنے کے بعد کیا ہوتا ہے؟

  • عشا کے وقت میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جاتی ہیں۔ طریقہ یہ ہے کہ جب عشاء کا وقت ہو جائے تو پہلے اذان اور اقامت کے ساتھ مغرب کے 3 رکعات فرض نماز پڑھی جاتی ہیں، اس کے بعد مغرب کی سنتیں پڑھنے کی جگہ فوراً عشاء کی فرض نماز پڑھی جاتی ہیں۔ مغرب اور عشاء کو اکٹھا پڑھنے کے لیے جماعت شرط نہیں، خواہ جماعت سے پڑھیں یا تنہا دونوں کو (مغرب اور عشاء) عشاء کے وقت میں ہی ادا کریں۔
  • اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا جاتا ہے، تلبیہ پڑھا جاتا ہے، تلاوت کیا جاتا ہے، توبہ و استغفار کیا جاتا ہے اور دعائیں مانگی جاتی ہیں کیونکہ یہ مبارک رات ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے (ترجمہ) ’’جب تم عرفات سے واپس ہو کر مزدلفہ آؤ تو یہاں مشعر حرام کے پاس اللہ کے ذکر میں مشغول رہو۔‘‘ (البقرہ: 198)
  • رات میں کچھ دیر سونا بھی چاہیے کیونکہ سونا حدیث سے ثابت ہے۔
  • صبح سویرے فجر کی سنت اور فرض نمازیں ادا کی جاتی ہیں۔ فجر کی نماز کے بعد کھڑے ہو کر قبلہ رخ ہوکر دونوں ہاتھ اٹھا کر رو رو کر دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ یہی مزدلفہ کا وقوف ہے جو واجب ہے۔
  • مزدلفہ سے منی روانگی کے وقت بڑے چنے کی برابر کنکریاں چن لی جاتی ہیں، لیکن تمام کنکریوں کا مزدلفہ ہی سے اٹھانا ضروری نہیں بلکہ منی سے بھی کنکریاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔ مزدلفہ کے تمام میدان میں جہاں چاہیں وقوف کر سکتے ہیں۔ نبی اکرم نے ارشاد فرمایا ’’میں نے مشعر حرام کے قریب وقوف کیا ہے (جہاں آج کل مسجد ہے)۔ جبکہ مزدلفہ سارے کا سارا وقوف کی جگہ ہے۔ اگر کوئی شخص مزدلفہ میں صبح صادق کے قریب پہنچا اور نماز فجر مزدلفہ میں ادا کر لی تو اس کا وقوف درست ہوگا۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل کی خدمات کے اعتراف میں 10 ڈسمبر کو دبئی میں ہوگا اہم تہنیتی پروگرام؛ دیا جائے گا افتخار قوم کا خطاب؛ ریلیز کی جائے گی وڈیو ڈوکومینٹری

بھٹکل مسلم خلیج کونسل (بی ایم کے سی) نے قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمٰن کو افتخار قوم کے خطاب سے نوازتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے

جدہ میں طوفانی بارش، دو کی موت، راستے تالاب میں تبدیل، مکہ جانے والی سڑک بھی بند

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں جمعرات کے روز طوفانی بارش کے نتیجے میں دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ کئی اہم راستے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔ پتہ چلا ہے کہ زور دار بارش کی وجہ سے مکہ جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہے اور روڈ سواریوں کے لئے بند ہے۔

بھٹکل : پاسپورٹ پر مکمل نام نہ ہونے کا معاملہ - انڈیا سے یو اے ای جانے والوں کے لئے نئی پریشانی

پاسپورٹ پر اپنے خاندانی لقب کے ساتھ مکمل نام نہ رہنے کی صورت میں ہندوستان سے دبئی اور  یو اے ای کے دیگر شہروں میں   آنے جانے والے مسافروں کے لئے مشکل کھڑی ہوگئی  ہے ، کیونکہ حکومت نے ایسے مسافروں کو دبئی میں داخلہ نہ دینے کا قانون جاری کیا ہے ۔ 

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا پہلا اَپ سیٹ، سعودی عرب نے ارجنٹائن کو2-1 سے دی شکست؛ شائقین میں زبردست جوش و خروش

  دوحہ قطر میں جاری فیفا وڑلڈ  کپ  2022 میں  گروپ سی کے ایک افتتاحی میچ میں سعودی عرب کی ٹیم نے ورلڈ کپ کی فیوریٹ سمجھی جانے والی ارجنٹائن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔

دبئی کے جبل علی فری زون میں 'پرائم ایکواکلچر' قائم کرے گا سب سے بڑا 'جھینگا فارم'

جبل علی فری زون میں 'ایکواکلچر' کمپنی کی جانب سے آر اے ایس ٹیکنیک والا جھینگا پالن کا پہلا اور سب سے بڑا فارم قائم کیا جائے گا ۔ اس ضمن میں 'ایمیریٹس نیشنل ایکواکلچر کی ماتحت فرم 'پرائم ایکوا کلچر' اور جبل علی فری زون (جافزا) کے بیچ "شرِمپ آر اے ایس فارم" کے لئے معاہدہ طے ہوا ہے ۔ ...