لکھنؤ، 29/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑی مشیر خان ایک خوفناک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مشیر اپنے والد نوشاد خان کے ہمراہ اپنے آبائی شہر اعظم گڑھ سے لکھنؤ ایرانی کپ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثہ اس قدر سنگین تھا کہ مشیر کی گاڑی 4 سے 5 مرتبہ پلٹ گئی، جس کے نتیجے میں ان کی گردن میں شدید چوٹیں آئیں۔ قابل ذکر ہے کہ مشیر گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں، جبکہ ان کے بڑے بھائی سرفراز پہلے ہی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنا چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ پوروانچل ایکسپریس وے پر ان کی کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں مشیر کی گردن اور کندھے پر چوٹیں آئی ہیں۔ انہیں فوری طور پر لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن مستحکم ہے۔ خوش قسمتی سے مشیر اور ان کے والد نوشاد کی جان بچ گئی تاہم مشیر کو شدید چوٹیں آئیں اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں کم از کم ۶؍ہفتے تک کرکٹ سے دور رہنا پڑے گا جبکہ مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں تقریباً ۳؍ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔مشیر کا خاندان بنیادی طور پر اعظم گڑھ سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کا آبائی گاؤں باسوپار سگڑی تحصیل میں واقع ہے۔ مشیر نے حالیہ دلیپ ٹرافی میں شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کی ہے۔ مشیر لکھنؤ میں یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے ایرانی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پولیس نےبتایا کہ حادثے میں ان کے والد اور دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔