ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پر بھیڑ بے قابو: بھگدڑ میں 9 مسافر زخمی، 2 کی حالت تشویشناک
ممبئی، 27/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 9 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔ یہ واقعہ تقریباً رات 2 سے 3 بجے کے درمیان پیش آیا۔ جب ممبئی سے گورکھپور جانے والی ٹرین پلیٹ فارم پر پہنچی تو وہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اور پولیس بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔ جلد بازی میں لوگ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرنے لگے، جس کے باعث کچھ لوگ گر گئے اور بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لیے بھابھا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ حادثہ باندرہ ٹرمینس کے پلیٹ فارم نمبر-1 پر پیش آیا۔ ٹرین نمبر 22921، باندرہ گورکھپور ایکسپریس ٹرین کے نکلنے کا وقت صبح 5.10 بجے تھا، لیکن ٹرین پلیٹ فارم پر2.55 بجے آکر لگ گئی۔ ایسے میں مسافر جلدی سے ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کرنے لگے اور اسی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔
ابھی تہوار کا موسم چل رہا ہے اور دیوالی آنے والی ہے ایسے میں ریلوے اسٹیشنوں پر لوگوں کی بھیڑ ہونا عام سی بات ہے۔ بھیڑ کے سبب ہمیشہ اس طرح کے واقعات کا خدشہ بنا رہتا ہے۔ واضح ہو کہ ممبئی میں کام کرنے والے لوگ بڑی تعداد میں دیوالی کے موقع پر اپنے گھر آتے ہیں۔ ان میں زیادہ تر لوگ اتر پردیش اور بہار کے باشندے ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے گورکھپور کی ٹرین میں چڑھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی تھی جو بے قابو ہو گئی اور بھگدڑ مچ گئی جس میں کئی لوگ زخمی ہو گئے۔