مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت گھر گھر شراب پہنچانا چاہتی ہے: کمل ناتھ
بھوپال،19؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ گھر گھر شراب پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی شراب سے محبت ایک بار پھر اجاگر ہوگئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں شراب اب سستی ہوگئی۔ ڈیوٹی کم کر دی گئی ہے، دوسری طرف پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہو گیا ہے۔ لوگ ایک عرصے سے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت نے شراب کو اولین ترجیح دی ہے۔
کمل ناتھ نے الزام لگایا کہ شیوراج حکومت گھر گھر شراب پہنچانا چاہتی ہے۔ دوسری جانب ریاست میں شراب مافیاؤں کا بول بالا ہے۔ بھنڈ میں شراب کی وجہ سے 4 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ شراب مافیا پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ الیکشن کے دوران شراب پر پابندی کی بات کرتے تھے وہ آج اس کے سب سے بڑے حامی بن چکے ہیں۔