بی جے پی بتائے کہ اسے انتخابی بانڈ کے ذریعے کتنے ہزار کروڑ روپے کا چندہ ملا: کانگریس
نئی دہلی،18نومبر(آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کو دعوی کیا کہ انتخابی بانڈ سے غیراعلانیہ چندے اور منی لانڈرنگ میں اضافہ ہوگا۔بی جے پی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجیوالا نے سوال کیا کہ حکمران پارٹی کو بتانا چاہئے کہ انتخابی بانڈ کے ذریعے اسے کتنے ہزار کروڑ روپے کا چندہ ملا۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ آر بی آئی نے انتخابی بانڈ کی مخالفت کی کہ اس سے غیراعلانیہ چندہ اور منی لانڈرنگ میں اضافہ ہوگا،اب مودی حکومت بتائے کہ کتنے ہزار کروڑ کے الیکٹوریل بانڈ جاری ہوئے؟۔ سرجیوالا نے سوال کیاکہ بی جے پی کو کتنے ہزار کروڑ ملے؟ کیا یہ ایک ہاتھ سے لیں اور دوسرے ہاتھ دیں والی بات ہے؟ کیا یہ ہے ہزاروں کروڑ کی بی جے پی کا منتر؟۔ انہوں نے جس میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا اس میں دعوی کیا گیا ہے کہ انتخابی بانڈ کے سرکاری اعلان سے پہلے ریزرو بینک نے اس اقدام کی مخالفت کی تھی۔