100 دن کی مودی سرکار، ہندوستان بے حال مرکز کی پوری ٹیم کامیابیاں گنانے میں مصروف،اپوزیشن کا چوطرفہ حملہ

Source: S.O. News Service | Published on 9th September 2019, 11:10 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،9؍ستمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکز میں نریندرمودی حکومت کی دوسری میعاد کے 100 دن مکمل ہونے پر یہاں ایک طرف بی جے پی کی جانب سے جشن مناتے ہوئے یہ باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مرکزی حکومت نے کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کرنے اورتین طلاق پر ایک نیا قانون بناکر ہندوستان کی 70سال کی تاریخ میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے وہیں اپوزیشن نے مودی حکومت کے 100 دن کو سب سے ناکام قرار دیا ہے -مودی حکومت کے سودن کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان کی معیشت آزاد ہند کی تاریخ میں پہلی بار اتنی کمزور ہوگئی ہے -بے اطمینانی،بدامنی، انتشار، تشدد اور عدم اطمینان کی کیفیت نے گنگاجمنی تہذیب کو تار تار کردیا ہے - سوشیل میڈیا کے اس دور میں ناکامی چھپائے نہیں چھپ رہی ہے روزانہ ایسی تصویر سامنے آجاتی ہے جسے دیکھ کر مہذب سماج کانپ اٹھتا ہے - ماب لنچنگ کے خوفناک واقعات اور جئے شری رام جیسے نعرے نے ہندوستان کو بدنام کردیا ہے - مودی حکومت کے 50 دن پورے ہونے پر فلمی دنیا سے منسلک 49 شخصیات نے عدم برداشت کے معاملے پر مودی کو اپنا وزیراعظم سمجھتے ہوئے خط لکھا تھالیکن مودی اوران کی ٹیم کے نازیبا ردعمل نے آواز اٹھانے والی شخصیات کو بھی خوف زدہ کردیا-سو دن کے مکمل ہونے پر کشمیر سے دفعہ370 کے خاتمہ کو وزیراعظم نے بہتر قدم قرار بتایا ہے لیکن ایک مہینہ گزرجانے کے باوجود کشمیر کے حالات بہتر نہیں ہوپارہے ہیں - میڈیا پر غیرجانبدارانہ رپورٹنگ کی سخت پابندی ہے وہیں وزیراعظم کے اس فیصلہ پر تنقید کرنے والے سیاسی اور سماجی لیڈروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے - حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مودی حکومت بار بار کشمیر کا ذکرکرکے اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے - اسی طرح مسلمانوں میں اختلاف پیدا کرنے کے لئے مودی حکومت کی جانب سے تین طلاق کے خلاف وہ قانون بنایا گیا جس کی شریعت اسلامیہ سرے سے مخالف ہے اس پر بھی مودی حکومت اپنی پیٹھ تھپ تھپارہی ہے -ایک جمہوری ملک میں عوام کا مزاج جانے بغیر عوام پر فیصلہ تھوپنا آمرانہ رویہ ہے-

سو دنوں میں دہائیوں کے چیلنجوں کو نمٹایا-مودی:وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی سرکارنے گزشتہ 100دنوں میں دہائیوں پرانے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے پر عزم ہے -وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں‘وجئے سنکلپ ریلی’اور پنا پرمکھ میں‘مہاسمیلن’سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور دنیا نے دیکھا ہے کہ ہندوستان اب ہر چیلنج کو چیلنج دیتا ہے، ہم چیلنجوں سے براہ راست ٹکرانا جانتے ہیں اور ہم بڑے مقصد کو ذہن میں رکھ کر چہارجانب سے قدم اٹھاتے ہیں -انہوں نے جموں و کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہاں کے لوگوں کی توقعات کو پورا کرنے میں لگ گئے ہیں اور گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ان کی حکومت مصروف ہوگئی ہے - پارلیمنٹ کے گزشتہ سیشن میں جتنے بل منظور ہوئے، اتنے گزشتہ 60برسوں میں نہیں ہوئے - دیر رات تک پارلیمنٹ میں نئے قوانین پر مباحثے ہوئے جس کے لئے وہ تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں -

حکومت کے”ترقی سے مبرا 100دن“-راہل/پرینکا: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پہلے100دن کی مدت کو لے کر مودی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا اور کہا کہ مکمل اکثریت والی حکومت ترقی کی ٹھوس پالیسی بنانے میں ناکام رہی ہے اور اس نے معیشت کو چوپٹ کر دیا ہے -مسٹر گاندھی نے شدید طنز کرتے ہوئے مودی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ اس کے پہلے سو دن ترقی سے مبرا ثابت ہوئے ہیں اس لئے اسے مبارک ہو- مسز واڈرا نے شاعرانہ انداز میں حکومت کی کارکردگی پر تلخ تبصرہ کیا اور کہا کہ جھوٹ کی منادی کراکر حکومت وا ہ واہی لوٹنے کی کوشش کر رہی ہے -انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ مودی حکومت کو100دن کی مدت میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرنے، جمہوریت کو لگاتار برباد کرنے، تنقید کرنے والے میڈیا کو ہراساں کرنے، مؤثر قیادت کی عدم موجودگی میں سست روی کا شکار معیشت کو پٹری پر لانے کے واسطے واضح سمت اور پالیسیوں کی کمی کے لئے، مبارک ہو-مسز واڈرا نے ٹوئٹ کرکے حکومت پر نشانہ لگایا اور کہاکہ معیشت کرکے چوپٹ، خاموش بیٹھی ہے سرکار، بحران میں ہیں کمپنیاں، ٹھپ ہو رہی ہے تجارت- ڈرامے سے، فریب سے، جھوٹ سے، پر چار سے کرکے فراڈ، لوگوں سے چھپا رہے، ملک کی حالت برباد-

حکومت نے انتقامی جذبے سے کام کیا-کپل سبل: کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے گزشتہ سو دن میں حقائق کو نظر انداز کیا ہے اور گھمنڈی و امتیازی سلوک کی سیاست کرتے ہوئے صرف انتقامی جذبے سے کام کیا ہے -کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ بی جے پی کو حکومت چلانا نہیں آتا ہے - مکمل اکثریت ملنے کے باوجود وہ ملک کے عوام کے مفاد میں کوئی ٹھوس کام نہیں کر پا رہی ہے - صرف انتقامی جذبہ سے کام ہو رہا ہے اور گھمنڈی و امتیازی سلوک کی سیاست کی جا رہی ہے - حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے عام آدمی کی مشکلیں مسلسل بڑھ رہی ہیں لیکن”گودی میڈیا“گود میں بیٹھ کر حکومت کی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے - خواتین پرمظالم بڑھ رہے ہیں اور چھوٹے کاروباری اور تاجر حکومت کی پالیسی سے پریشانی سے دوچار ہیں لیکن ان کوراحت نہیں دی جا رہی ہے - سبل نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی پہلے سو دن کی بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے سیاسی مخالفین کے ساتھ انتقامی جذبے سے کام کیا ہے - ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور مرکزی تفتیشی بیورو جیسے اداروں کا جم کر غلط استعمال ہوا ہے - حکومت نے ثبوت ہونے کے باوجود اپنے لوگوں کو بچایا ہے اور جہاں ثبوت نہیں تھے ان اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی ہے -انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ جن مسٹر رمیش پوکھریال نشنک پر بدعنوانی کے الزامات ہیں اور ان کے خلاف ثبوت بھی ہیں انہیں سزا دینے کی بجائے کس بنیاد پر وزیر بنایا گیا اور انہیں حکومت کیوں بچا رہی ہے - بابل سپریو کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی جا رہی ہے - ایڈی یورپاکے خلاف ثبوت ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ہے - اپوزیشن کے لیڈروں کے خلاف بغیر ثبوت کے کارروائی ہو رہی ہے -

ایک نظر اس پر بھی

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی تشہیری مہم کا تھم گیا شور؛ کرناٹک کے 14 حلقوں سمیت 12ریاستوں میں کل جمعہ کو ہوں گے انتخابات

لوک سبھا انتخابات کے لئے دوسرے مرحلے کی تشہیری مہم بدھ کی شام  5؍ بجےختم ہوگئی۔اس مرحلے میں یوپی ،بہار،ایم پی اورراجستھان سمیت کرناٹک میں ہونے والے دو مراحل  میں سے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے ساتھ ساتھ 13؍ریاستوں کی 88؍ سیٹوں پر بھی  کل جمعہ 26 اپریل کوانتخابات ہوں گے۔  تمام ...

ممبئی میں ڈی آر آئی کی بڑی کارروائی، 10 کروڑ روپئے کا غیر ملکی سونا ضبط، چار گرفتار

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ ایک سرچ آپریشن کے دوران ڈی آر آئی نے 10.48 کروڑ روپئے کا سونا، چاندی، نقدی اور کئی مہنگے سامان ضبط کیے ہیں جبکہ دو افریقی شہریوں کے ساتھ چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

کانگریس کے منشور سے مودی گھبرا گئے ہیں، ذات پر مبنی مردم شماری کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دہلی کے جواہر بھون میں ’ساماجک نیائے سمیلن‘ سے خطاب کیا۔ اس خطاب میں انہوں نے پی ایم مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود کو ’دیش بھکت‘ کہتے ہیں وہ 90 فیصد لوگوں کے لیے ’نیائے‘ (انصاف) کو یقینی بنانے والی ذات ...

اجیت پوار اور ان کی اہلیہ کو مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو بینک گھوٹالہ کیس میں ’کلین چٹ‘ مل گئی

 مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار اور ان کی اہلیہ سنیترا کو بڑی راحت ملی ہے۔ اقتصادی جرائم ونگ نے مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک گھوٹالے میں ان دونوں کو کلین چٹ دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے بھتیجے روہت پوار سے وابستہ کمپنیوں کو بھی کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

ای وی ایم-وی وی پیٹ معاملہ: ’ڈیٹا کتنے دنوں تک محفوظ رکھتے ہیں‘؟ الیکشن کمیشن سے سپریم کورٹ کا سوال

ای وی ایم- وی وی پیٹ معاملے پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے مزید وضاحت طلب کی ہے۔ ان وضاحتوں پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے عہدیدار سے دوپہر 2 بجے تک جواب دینے کے لیے کہا ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے دریافت کیا کہ مائیکرو کنٹرولر کنٹرول یونٹ میں ہے یا وی وی ...