رائے بریلی میں ہجومی تشدد: چوری کے شک میں دو نوجوانوں کی درخت سے باندھ کر جم کر پٹائی
را ئے بریلی، 23/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) نصیرآباد تھانہ علاقہ کے جلال پور ہوریہ گاؤں میں موٹر سائیکل چوری کے شبہ میں دیہی باشندوں نے دو نوجوانوں کو درخت سے باندھ کر ان کی جم کر پٹائی کی۔ دیہی باشندوں نے اس واقعہ کا ویڈیو بنا کر وائرل کر دیا۔ اطلاع پاکر پہنچی پولیس نے یرغمال نوجوانوں کو آزاد کراکر اپنے تحفظ میں لیا۔ پولیس نے دیہی باشندوں کے خلاف مارپیٹ کا معاملہ درج کیا ہے۔ نصیرآباد تھانہ علاقہ کے جمال پورہوریہ رہائشی شیوراج کے ساتھ تقریبا ایک درجن لوگوں نے بلاوا گاؤں رہائشی ارجن اور دھرمیندر کو اس کے گاؤں سے جبرا اٹھا لیا اور پھر درخت سے باندھ کر وحشیانہ پٹائی کی۔ گاؤں والوں نے ان دونوں نوجوانوں پر موٹر سائیکل کی چوری کرنے کا الزام لگایا ہے۔ لاٹھی ڈنڈوں سے دونوں نوجوانوں کو بربریت سے پیٹا گیا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حرکت میں آئی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر دونوں نوجوانوں کو د یہی باشندوں کی قید سے آزاد کرایا اور تھانے لے آئی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل سنگھ نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس اب ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ارجن کے قبضے سے چوری کی ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے،وہیں دیہاتیوں کے خلاف بھی مارپیٹ کا مقدمہ درج ہوا ہے۔