بیندور 22 ستمبر (ایس او نیوز) بیندور تعلقہ کے شیرور کے قریب کلی ہیتلو نامی مقام پر سمندرمیں ایک میزائل نما چیز تیرتی ہوئی پائی گئی جس کو دیکھ کر عوام کے اندر تجسس پیدا ہوگیا کہ آخر یہ کیا چیز ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 12 فٹ لمبا ، تین فٹ چوڑا اور آٹھ سے دس ٹن وزنی لوہےسے بنا یہ میزائل نما آلہ عام طور پر بندرگاہ کے قریب ساحل سمندر سے 200 ناٹیکل میل فاصلے پر نصب کیا جاتا ہے جہاں سے انٹرنیشنل جہاز یا بحری جہاز گذرتے ہیں، بتایا جارہا ہے کہ عام طور پر اس طرح کا آلہ جہازوں کوراستہ دکھانے کا کام کرتا ہے اور جہازوں کو بندرگاہ کی طرف پہنچانے میں مدد کرتا ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ آلہ میں غالباً کچھ خرابی پیدا ہوگئی ہوگی، جس کی وجہ سے یہ آلہ تیرتا ہوا کنارے تک پہنچ گیا۔
شیرور کے لوگوں نے میزائل نما مشتبہ چیز کو سمندر میں تیرتا ہوا دیکھ کر فورا ً گنگولی کوسٹل سیکوریٹی پولس فورس کو خبر کی اور اطلاع ملتے ہی کوسٹل سیکوریٹی پولس فورس کے انسپکٹر ننجپا اپنے اہلکاروں کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور اس آلہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولس اس تعلق سے مزید جانکاری جٹانے میں لگی ہوئی ہے اور پتہ لگایا جارہا ہے کہ کہاں سے یہ آلہ تیرتا ہوا سمندر کنارے پہنچا۔