مینگلور کے قریب سولیا اور پڑوسی ضلع کوڈاگو میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے؛ کچھ دیر کے لئے عوام میں پایا گیا خوف
مینگلور 25 / جون (ایس او نیوز)ضلع دکشن کنڑا کے سولیا تعلقہ کے کئی مقامات پر آج سنیچر صبح 9.09 بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کا دورانیہ ایک اندازے کے مطابق 45 سیکنڈ تھا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کا پیمانہ 2.7 میگنی ٹیوڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سولیا ، مرکنجا ، کلنگنڈی ، سمپاجے ، پراجے ، آرنتھوڑو، تھوڈیکانا اور گوناڈکا میں لوگوں نے یہ جھٹکے محسوس کیے ، جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ اپنے اپنے گھروں سے باہر دوڑ پڑے ۔ جھٹکوں کی وجہ سے گھروں کا سازوسامان ہلنے لگا اور اوپر رکھی ہوئی چیزیں زمین پر گر گئیں ۔
جنوبی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندرا نے بتایا :" سولیا سے بہت سارے لوگ کال کر رہے ہیں ۔ ہم ڈیسیاسٹر منیجمنٹ سیل سے برابر رابطے میں ہیں اس زلزلہ اور اس کے مرکز کے تعلق سے معلومات حاصل کررہے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کےمطابق زلزلے کا مرکز جنوبی کینرا کی سرحد سے متصل ضلع کوڈاگو کے مڈیکیری تعلقہ کے کریکے گرام پنچایت سے 4.7 کلومیٹر شمال مغرب ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خطہ جوڈوپالا کے قریب واقع ہے اور مغربی گھاٹ کے دامن میں واقع کوڈاگو خطے کے نیچے آتا ہے، یاد رہے کہ چند سال قبل یہاں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے تھے، دریا کے راستے میں تبدیلی اور دیگر متعلقہ نقصانات ہوئے تھے۔ سمپاجے کے ایک رہائشی نے بتایا متعلقہ علاقہ میں متعلقہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے بعد سے ہی لوگ مانسون کے آغاز کے دوران جھٹکے محسوس کر رہے ہیں۔