بھٹکل میں وزیر منکال وئیدیا نے کیا گارنٹی اسکیم دفتر کا افتتاح
بھٹکل، یکم ستمبر (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی مختلف گارنٹی اسکیموں کو نافذ کرنے کے سلسلے میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے لئے بھٹکل تعلقہ پنچایت احاطے میں نئے دفتر کا افتتاح ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ گارنٹی اسکیمیں سیاسی مقصد کے لئے جاری نہیں کی گئی ہیں ۔ غریب اور متوسط طبقے کی ترقی کے لئے یہ اسکیمیں لاگو کی گئی ہیں ۔ اب تک اس سے 90% مستحقین نے استفادہ کیا ہے ۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ جانکاری نہ ہونے کی وجہ سے کچھ لوگوں تک اس کا فائدہ نہ پہنچا ہو ۔ اس لئے ان اسکیموں کو پوری طرح نافذ کرنے اور مستحقین تک پہنچانے کے مقصد سے بنائی گئی اس کمیٹی کے اراکین کو اسے ایک نیک کام سمجھ کر اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیمت پر گارنٹی اسکیموں کو بند نہیں کیا جائے گا ۔ مالداروں کو گارنٹی اسکیموں سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے ۔ ان اسکیموں سے غریبوں کو فائدہ ہونا چاہیے ۔
گارنٹی اسکیموں کے نفاذ کے لئے بنی انوشٹان کمیٹی کے بھٹکل تعلقہ صدر راجو نائک نے تعارفی خطاب کیا ۔ اس موقع پر تحصیلدار ناگ راج، تعلقہ پنچایت سی ای او وینکٹیش نائیک، گارنٹی کمیٹی کے ضلع صدر ستیش نائک اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔